اندور: ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور میں تنظیم عریب ویلفیئر سوسائٹی نے اردو کو فروغ دینے کے لیے شہر کی معزز شخصیات کے ہاتھوں درس کتابوں کی رسم اجرا اور اساتذہ کا اعزاز کیا۔ اردو اگر کوئی آسانی سے لکھنا پڑھنا سیکھے گا تبھی اس کو فروغ بھی حاصل ہوگا۔ اس کو آسان بنانے کے لیے ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور کی سماجی تنظیم عریب نے درس کتابیں تیار کی ہے۔ جس کے ذریعہ آسانی سے اردو سیکھی جا سکتی ہے۔ ان کتابوں کی اجرا تقریب شہر کی معزز شخصیات کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ وہیں ان اساتذہ کا اعزاز بھی کیا گیا جو اردو خدمات میں پیش پیش رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
اس موقع پر کتابوں کی نمائش لگائی گئی اور کیسے ان کتابوں سے فائدہ حاصل کیا جائے اس پر تبادلۂ خیال ہوا، ڈاکٹر عائشہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ساری تہذیب وتمدن مادری زبان میں ہے اور میری باتوں میں خوشبو نہ ہوتی اگر میری زبان اردو نہ ہوتی۔ وہیں تنظیم کے امان اللہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم نے پرائمری طلبہ کے لیے درسی کتابیں تیار کی ہیں تاکہ ان کو اردو لکھنا اور پڑھنا سیکھنے میں آسانی ہو۔ ساتھ ہی ان اساتذہ کو اعزاز و اکرام سے نوازا گیا ہے۔ جو اردو خدمات میں پیش پیش رہتے ہیں۔
وہیں اس موقع پر کتاب کے حوالہ سے مترجم جاوید عالم کا کہنا تھا کہ اردو درسی کتب کی اشیاء میں کمی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اس کا طبقہ سکڑ گیا ہے۔ ہم سرکاروں پر ہی انحصار کیوں کر رہے ہیں کہ وہ اس کی ترقی کے لیے کام کریں۔ یہ ہماری بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس کو فروغ دینے کے لیے آگے آئیں۔ کیونکہ اردو ایسی زبان ہے جو میٹھی، شیریں اور یکجہتی کے لیے رہنمائی کرتی ہے۔ اس زبان کے ذریعہ ہم عالمی سطح پر امن اور محبت کا پیغام عام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کو مزید فروغ تب ملے گا جب ہم اپنی زندگی میں اس کا بھرپور استعمال کریں گے۔ کیونکہ کسی بھی زبان کی روح اس کے استعمال پر ہی انحصار کرتی ہے۔ ورنہ یہ دھیرے دھیرے ختم بھی ہو جاتی ہے۔