ممبئی: مہاراشٹر کے بی جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے، تلنگانہ کے بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ اور بی جے پی کی حمایت کرنے والی آزاد میرا بھئیندر ایم ایل اے گیتا جین کو تشدد کے بعد مبینہ نفرت انگیز تقاریر کے لیے نامزد کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تشدد کے دو متاثرین سمیت پانچ افراد نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور کہا کہ انہیں ہائی کورٹ سے رجوع کرنے پر مجبور کیا گیا کیونکہ مبینہ نفرت انگیز تقاریر کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
تھانے اور ممبئی کے رہائشی آفتاب صدیقی، اشفاق علی اکبرعلی شیخ، اصغر علی شکور رائن، اسماعیل خان اور سجاد خطیب کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ 21 جنوری کو میرا روڈ کے اقلیتی علاقے میں تشدد برپا کیا گیا۔ درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہا رانے، جین اور سنگھ نے جنوری اور فروری کے درمیان میرا روڈ کے کچھ حصوں کا دورہ کیا اور اپنی تقریروں کے ذریعے اقلیتی برادری کو کھلے عام دھمکی دی اور میڈیا کو انٹرویو بھی دیا۔
مزید پڑھیں: حیدرآباد: راجہ سنگھ کے خلاف مقدمہ درج
درخواست میں کہا گیا ہے کہ میرا بھیندر پولیس کمشنریٹ کے نیا نگر پولیس اسٹیشن اور ممبئی پولیس کمشنریٹ کے شیواجی نگر اور گھاٹ کوپر تھانوں میں جنوری اور فروری کے درمیان اُن کی حدود میں مبینہ طور پر نفرت انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں تینوں لیڈروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس لیے یہاں بھی ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایات دی جائے۔