نئی دہلی: دہلی کے کابینہ کے وزیر کیلاش گہلوت نے ہفتہ کو کہا کہ انہوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے مبینہ شراب گھپلہ سے متعلق پوچھے گئے تمام سوالات کے جوابات دیئے۔ گہلوت کو ای ڈی کا یہ دوسرا سمن تھا۔ تقریباً ایک ماہ قبل ای ڈی نے کابینی وزیر کو پہلا سمن بھیجا تھا۔ اس وقت اسمبلی کی کارروائی چل رہی تھی، اس لیے گہلوت نے ای ڈی سے وقت مانگا تھا۔ ای ڈی کے دفتر سے باہر آنے کے بعد گہلوت نے آج نامہ نگاروں سے کہا کہ انہوں نے ای ڈی کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور تمام سوالات کے جوابات دیئے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں وزیراعلی اروند کیجریوال سے روبرو نہیں کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ سول لائنز میں اپنے نام پر الاٹ کیے گئے سرکاری بنگلے میں نہیں رہتے۔ وہ صرف اپنی ذاتی رہائش گاہ میں رہتے ہیں۔ ان کے پاس اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے کہ وجے نائر اپنے سرکاری بنگلے میں رہ رہے تھے یا نہیں۔ عام آدمی پارٹی (آپ) لیڈر نے کہا کہ انہیں گوا انتخابات کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے۔ واضح رہے کہ گہلوت سے ای ڈی نے مبینہ شراب گھپلہ میں آج تقریباً پانچ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔ نجف گڑھ سے آپ کے ایم ایل اے گہلوت (49)، دہلی حکومت میں ٹرانسپورٹ، داخلہ اور قانون کے وزیر ہیں۔
ای ڈی نے آپ کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو 21 مارچ کو شراب پالیسی کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔ کیجریوال کو ای ڈی نے 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا اور وہ آزاد ہندوستان میں گرفتار ہونے والے پہلے موجودہ وزیر اعلی بن گئے ہیں۔ وہ یکم اپریل تک مرکزی تفتیشی ایجنسی کی تحویل میں ہیں۔ اس معاملے میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور آپ کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے سنگھ بھی دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔
یو این آئی