اورنگ آباد : مہاراشٹرا میں اورنگ آباد کے ایک عادی سارق کو ہرسول پولس کے اسپیشل اسکواڈ نے گرفتار کر لیا۔ پولس نے اس کے قبضے سے ساڑھے آٹھ لاکھ روپے مالیت کی 14 مسروقہ موٹر گاڑیاں ضبط کر لیں۔ پولس سے ملی تفصیل کے مطابق ہر سول پولس اسٹیشن کے حدود میں پانچ جون کو پیش آئی ایک واردات میں نامعلوم سارقوں نے موٹر سائیکل چوری کر لی تھی۔ اس معاملہ میں پولس نے کیس درج کر کے جانچ شروع کردی، دوران جانچ پولس کے ہاتھ سی سی ٹی وی فوٹیج لگا، جس پر پولیس نے مخبروں کا جال پھیلا دیا اور فوٹیج میں دکھائی دینے والے شخص کی تلاش شروع کر دی۔
اس دوران ایک مخبر نے ہرسول پولس اسٹیشن کے اسپیشل اسکواڈ کو اطلاع دی کہ ایک شخص جس کا حلیہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملتا ہے، وہ ہرسول علاقے میں ہی رہتا ہے اور اس کا نام ادتی راجیندر ہے اور وہ ہرسول ٹی پوائنٹ پر چوری کی ایک موٹر سائیکل فروخت کرنے کے ارادے سے آنے والا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولس نے ہرسول ٹی پوائنٹ پر جال پھیلا کر وہیکل سارق ادتیہ راجندر 21 سالہ ساکن چیتنا نگر ہر سول کو حراست میں لیکر اس سے پوچھ تاچھ کی، دوران پوچھ تاچھ ملزم نے مختلف شہر کے پولس اسٹیشن کی حدود سے گاڑیاں چوری کرنے کا اعتراف کیا، جس پر پولس نے اسے گرفتار کر لیا۔ پولس نے اس کے قبضے سے ساڑھے آٹھ لاکھ روپے مالیت کی چودہ چوری کی گاڑیاں ضبط کر لیں۔
ساتھ ہی پولیس نے بتایا کہ جب اس کے گھر پر چوری کی معلومات دی گئی، تو گھر والوں کو بھروسہ نہیں ہوا، گھر والوں کا کہنا ہے کہ ہمارا بچہ بی ایس سی کمپیوٹر کر رہا ہے، اور وہ ایک خانگی کمپنی میں نوکری بھی کرتا ہے، اور کمپنی میں اسے 15 ہزار روپے مہینہ ملتا ہے، اس سے ہی اپنے گھر والوں کی کفالت بھی کرتا ہے، وہ چور نہیں ہو سکتا۔ فلحال پولیس نے 21 سالہ نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے دوسرے ساتھیوں کی پولیس تفتیش کر رہی ہے۔