بڈگام: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈپٹی کمشنر بڈگام اکشے لبرو نے ضلع کے کھاگ بلاک کے دور افتادہ گاؤں ستھہارن میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ یہ علاقہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے اور یہاں سیاحت کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی توجہ اس منزل پر تمام بنیادی سہولیات پیدا کرنا اور اس کے وسیع سیاحتی امکانات کو بروئے کار لانا ہے۔
یہاں پر گاؤں ستھہارن اور ملحقہ دیہات کے مقامی وفد نے ڈی سی کے سامنے اپنی تجاویز اور مطالبات پیش کیے۔ عوام کی شکایات کی سماعت کے بعد ڈی سی نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مطالبات کو متعلقہ حلقوں کے ساتھ فوری ازالے کے لیے اٹھایا جائے گا۔ ستھہارن بیس کیمپ سے توسہ میدان تک سڑک رابطے کو بہتر بنانے کے لیے، ڈی سی نے کہا کہ نابارڈ کے تحت 10 کلو میٹر ستھہارن توسہ میدان روڈ پروجیکٹ کو منظوری دی گئی ہے اور اس پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے بہتر رابطے کو یقینی بنایا جائے گا اور سیاحوں کی آمد توسہ میدان کی طرف بڑھے گی، مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع کھلیں گے اور متعلقہ افراد کو سیاحت سے متعلق منصوبوں پر تیزی سے کام مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ مزید ستھہارن میں سیاحت سے متعلق تمام سہولیات کے ہموار کام پر زور دیا۔
ای ٹی سے بات کرتے ہوئے توسہ میدان ڈیولپمنٹ فورم کے چیئرمین منظور احمد شیخ نے بتایا کہ جو ہماری مانگیں تھی ان میں ستھہارن سے توسہ میدان تک میکڈیمائزڈ روڈ، ستھہارن بیس کیمپ کی آرائش اور یہاں پر عملے کی تعیناتی، لنک روڈز کی بلیک ٹاپنگ، پانی اور بجلی کی دستیابی کے علاوہ ہیلتھ سب سینٹر میں سہولیات فراہم کرنا تھیں۔ جنہیں ڈی سی بڈگام نے نوٹ کر کے ان کو رواں سال میں مرحلہ وار طریقے سے مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دو کشمیری طلبہ رہوڈز اسکالرشپ سے سرفراز
ان کا مزید کہنا ہے کہ ڈی سی بڈگام نے اعلان کیا ہے کہ ستھہارن سے توسہ میدان تک سڑک کی منظوری مل گئی ہے، وہ کام الاٹ بھی ہوا ہے جس پر اب بہت جلد کام شروع ہوگا۔ جس کے لئے ہم ضلع انتظامیہ بڈگام اور ایل جی انتظامیہ یو ٹی جموں و کشمیر کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر اے ڈی ڈی سی بڈگام، ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک، سی پی او، اے سی آر، ایس ڈی ایم، سی ایم او اور دیگر ضلعی اور سیکٹرل افسران موجود رہے۔