گیا: مگدھ کے سب سے بڑے آستانہ مخدوم درویش اشرف علیہ الرحمۃ و الرضوان کے پانچ روزہ سالانہ عرس کا آج اختتام ہوگیا ہے۔ سجادہ نشیں کے مطابق ایک لاکھ سے زیادہ اس بار عرس میں زائرین کی آمد ہوئی جن کا تعلق ریاست کے مختلف اضلاع سمیت بیرون ریاست کے مختلف مقامات سے تھا۔ پانچ روزہ عرس کے آخری دن ملک و ریاست اور ضلع کی خوشحالی ترقی خیر سگالی اور امن و سلامتی کی دعا کے ساتھ مظلوموں، ہے سہارا اور غریبوں کی مدد کرنے کے لیے زائرین کو خصوصی پیغام دیا گیا۔ سجادہ نشیں حضرت سید شاہ ارباب اشرف نے زائرین کے بڑے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوفیوں و بزرگوں کی روایت کے مطابق عرس کی تمام تقریبات بحسن وخوبی انجام پائیں۔ بزرگوں کے پیغام پیار امن اور رواداری کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ نفرت پھیلانے والوں کا بہتر جواب پیار اور امن کا پیغام ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
Hazrat Makhdoom Dargah مخدوم درویش اشرف کے آستانے پر ڈسڑکٹ مجسٹریٹ کی حاضری
انہوں نے اپنے خطاب میں خدمت خلق کی جانب سبھی کو راغب کرنے کا پیغام دیا اور کہا کہ آپ کے ذمہ جو حقوق جن کے ہیں خواہ وہ آپ کے رشتے دار دوست و احباب اور پڑوسیوں کے ہیں اس کو پورا کرنے میں کہیں سے کوتاہی نہیں کریں، پڑوسی آپ کا کسی بھی طبقہ برادری سے ہو اس کا خیال رکھیں، معاشرے میں لڑکیوں اور لڑکوں کو تعلیم دی جائے۔ جو بے سہارا غریب یتیم ہیں، ان کی تعلیم میں اپنا تعاون ضرور پیش کریں۔ بغیر تعلیم اور ہنر کے معاشرے کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ اس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ اپنی تعلیم یعنی اُردو اور مذہبی تعلیم سے کبھی دوری اختیار نہیں کریں۔ کیونکہ جب مذہبی تعلیم حاصل کریں گے تو وہ اسوہ حسنہ اور سیرت النبی کو سمجھیں گے۔ اگر ہم نے سیرت النبی کو سمجھ لیا تو ہم اپنے اخلاق کردار میں اچھے ہوں گے اور ہماری کامیابی کی ضمانت بھی سیرت رسول پر عمل کرنے میں چھپی ہے۔ جب تک ہم اس پر عمل نہیں کریں گے کامیابی سے پیچھے رہ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس بار عرس مخدوم درویش اشرف رحمۃ اللہ علیہ کے موقع پر زبان اردو کے فروخت اور ترویج و اشاعت کے لیے خصوصی پیغام بھی سجادہ نشین سید ارباب اشرف کی طرف سے دیا گیا اور انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ایک انجنیئر بھی ہیں اور بیرون ممالک میں اپنے شعبہ میں اعلیٰ عہدے پر فائز بھی رہے۔ تاہم انہوں نے ہمیشہ سے اپنی مادری زبان کو باہر میں بھی ترجیح دی کیونکہ وہ اپنی مادری زبان کا بخوبی علم رکھتے ہیں۔ یہاں آنے والے سبھی اس بات کا عہد کریں کہ وہ اپنے بچوں کو اردو کی تعلیم ضرور دیں گے۔ واضح ہو کہ حضرت مخدوم درویش اشرف علیہ الرحمہ کا 543واں سالانہ عرس اس برس 19 فروری 2023 سے شروع ہوا جس کا آج جمعہ کی رات 23 فروری 2023 کو اختتام ہو گیا ہے پانچ روزہ عرس کے دوران مختلف تقریبات انجام پائیں۔