گیا: رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد ضلع گیا میں واقع مساجد خانقاہ اور مکان و دکان وغیرہ میں تراویح کا اہتمام کیا گیا ہے۔ رمضان کے پہلے دن مساجد میں مصلیوں کی تعداد بھی کافی دیکھی گئی۔ خاص طور پر ظہر کی نماز میں دیکھی گئی۔ ضلع گیا علماء ائمہ مساجد رابطہ کمیٹی کے صدر مولانا عبید الرحمٰن نے کہا کہ بحمدہِ تعالیٰ چاند نظر آنے کے بعد مساجد میں عشاء کی نماز کے فوراً بعد نماز تراویح کی جماعت شروع ہو گئی اور اللہ کا کلام قرآن پاک کا نغمہ فضاؤں میں گونجنے لگا۔ جس سے قرب و جوار کے مسلم محلوں میں ایک خوشی اور مسرت کی کیفیت چھا گئی۔ سب لوگ دعا کرنے میں مصروف ہیں کہ اللہ پاک رمضان المبارک کا یہ مہینہ امن و امان کے ساتھ گزارے۔
یہ بھی پڑھیں:
اللہ ہم سب کو صدق دل سے ایمان کے ساتھ روزہ رکھنے، نماز پڑھنے اور نیکی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے اس دوران امت مسلمہ کے ایک ایک فرد کو رمضان کی مبارک باد پیش کی اور بتایا کہ ضلع میں پرامن ماحول میں نماز تراویح پڑھی جارہی ہے۔ گیا شہر کی اکثر مساجد میں پانچ شب، سات شب اور نو شب میں تراویح پڑھی جارہی ہے۔ ایک دو ہی مساجد ہیں جہاں 27 شب میں تراویح ہوتی ہے۔ ان میں ایک مدرسہ قاسمیہ مسجد بھی ہے جہاں 27 شب تراویح ہوتی ہے۔
دوسری جانب پنہر مسجد میں 15 شب میں تراویح ہوتی ہے۔ جمعیت علماء بہار کے صدر قاری فتح اللہ قدوسی نے کہا کہ ان سبھی مساجد کے علما اور ائمہ سے اپیل کی گئی ہے کہ جو مساجد ہندو اکثریتی آبادی والے محلوں میں واقع ہیں اور وہاں 15 شب یا اس سے زیادہ رات میں وہاں تراویح ہوتی ہے۔ ان سے مصلحتاً کہا گیا ہے کہ وہ 11 شب میں ہی تروایح مکمل کرلیں۔ کیونکہ ہولی کا تہوار 22 مارچ کے بعد منایا جائے گا۔ اس لیے ہم خود محتاط ہوں اور اس بار بھی سبھی مساجد سے امن و چین کی خصوصی دعا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔