بنگلور: گذشتہ سال اسمبلی انتخابات سے قبل کرناٹک کی سابق بی جے پی حکومت نے مسلمانوں کے 2B ریزرویشن کو منسوخ کر دیا تھا، اس وقت اپوزیشن کانگریس نے مسلمانوں کے 2B ریزرویشن کو ختم کرنے کے بی جے پی کے اقدام کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔ ڈی کے شیوکمار نے کہا تھا کہ ریزرویشن اقلیتوں کا حق ہے اور اقلیتی برادری کے ارکان ہمارے بھائی ہیں۔ انہوں نے اس وقت وعدہ کیا تھا کہ کانگریس پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد پہلی کابینی میٹنگ میں اسے بحال کردیا جائے گا۔
کانگریس حکومت اقتدار میں آنے 9 ماہ بعد بھی 2بی ریزرویشن نہیں دیا گیا۔ اس معاملہ پر سماجی و سیاسی تنظیموں کی جانب سے سخت احتجاج کیا جارہا ہے۔ مسلم علمائے کرام، سماجی و سیاسی کارکنوں نے کانگریس حکومت پر مسلمانوں کے 2B ریزرویشن کو بحال کرنے کے لیے ڈباؤ ڈال رہے ہیں۔ اس دوران سدارامیا حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کانگریس حکومت نے اپنی حکمرانی کے 9 ماہ مکمل کر لیے ہیں، اب یہ سوال اٹھ رہے ہیں کہ وہ 2B ریزرویشن کو بحال کرنے سے کیوں ہچکچارہی ہے۔
وہیں اس مطالبہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر کے رحمان خان نے کہاکہ 2B ریزرویشن کیس سپریم کورٹ میں 'اسٹے ہے' لہذا مسلم کمیونٹی کی جانب سے اب بھی اس کے فوائد حاصل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس حکومت 2B ریزرویشن کو بحال کرنے کے اپنے وعدے کو ضرور پورا کریگی. اب 2B ریزرویشن کو ختم کئے جانے پر سپریم کورٹ میں روک لگا دی گئی ہے، لیکن پھر بھی یہ سوال باقی ہے کہ سدارامیا کی قیادت والی کانگریس حکومت اسے بحال کرنے کے وعدے کو کب پورا کریگی.
غور طلب ہے کہ سابق بی جے پی حکومت نے منسوخ کئے گئے رزرویشن کی تعداد (4 فیصد) کو ووکلیگا اور ویراشائیوا-لنگایت کمیونٹیز کے درمیان مساوی طور پر تقسیم کردیا تھا اور مسلمانوں کو 10 فیصد اقتصادی طور پر کمزور طبقات (EWS) میں منتقل کیا گیا تھا۔ اس وقت کے اپوزیشن لیڈر سدارامیا نے بھی بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے ریزرویشن کے معاملے پر کنفیوژن پیدا کرکے اور مذہب و ذات پات کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کرکے "سب کو دھوکہ دیا ہے"۔