بھاگلپور: ریاست بہار کے ضلع بھاگلپور میں منعقدہ تقسیم اسناد کے اس پروگرام کے دوران کھگڑیا ضلع سے سند موصول کرنے آئیں آشیانہ پروین اور دیگر کئی طلبا و طالبات نے یونیورسٹی انتظامیہ پر طلباء کے اسناد میں نام لکھنے میں کی جانے والی غلطیوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔
طلبا نے اس معاملے کو لے کر انتظامیہ کی کڑی تنقید کی۔ ان لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کے ناموں میں کی جانے والی غلطیاں بیحد افسوسناک ہیں، کیونکہ ان کی غلطیوں کی وجہ سے طلباء و طالبات کو بار بار یونیورسٹی آنا پڑتا ہے، جو ان کے لیے جسمانی اور مالی دونوں لحاظ سے پریشان کن ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ ان کی ایک چھوٹی سے غلطی سے لوگوں کو کتنی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ پر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بہار کی لڑکی کو امریکی کمپنی سے ایک کروڑ سے زائد تنخواہ کی پیشکش
طلباء نے کہا کہ سرٹیفکیٹس میں نام تحریر کرنے میں یونیورسٹی انتظامیہ لاپرواہی کا مظاہرہ کرتی ہے۔ اس کو فوری بند کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ بھاگلپور میں واقع تلکا مانجھی یونیورسٹی بہار کی بڑی یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے۔ اس کا قیام 1960 میں مجاہد آزادی تلکا مانجھی کے نام پر کیا گیا تھا، جہاں سے ہر سال ہزاروں بچے تعلیم حاصل کر ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔