گلبرگہ: ریاست کرناٹک میں لوک سبھا انتخابات 2024 کے تحت حلقہ جات پارلیمان کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ گلبرگہ حلقہ پارلیمان سے کانگریس پارٹی کی جانب سے رادھا کرشنا دوڈمنی کانگریس کے امیدوار ہیں۔ حلقہ پارلیمان گلبرگہ سے کانگریس کے امیدوار رادھا کرشنا دوڈمنی نے ضلع کمشنر آفس پہنچ کر الیکشن آفیسر ڈپٹی کمشنر فوزیہ ترنم کے پاس اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔ گلبرگہ حلقہ ہمیشہ سے کانگریس پارٹی کا گڑھ مانا جاتا ہے۔ یہاں سے کئی مرتبہ کانگریس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ملکارجن کھرگے کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس بار ڈاکٹر ملکارجن کھرگے کے داماد رادھا کرشنا کو کانگریس پارٹی نے ٹکٹ دے کر اپنا امیدوار بناکر میدان میں اتارا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
اس موقع پر ریاستی میڈیکل ایجوکیشن وزیر شرن پرکاش پاٹل نے بتاتے ہوئے کہا کہ کرشنا نے ہمیشہ سے ڈاکٹر ملکارجن کھرگے کے ساتھ رہ کر کام کیا ہے۔ یہ ایک خاموش خدمات گزار ہیں اور ان کا تعلق ہر مذہب کے عوام سے رہا ہے۔ اس مرتبہ 2024 حلقہ پارلیمان انتخابات میں رادھا کرشنا کو ضرور کامیابی حاصل ہوگی۔ کیوں کہ اس بار عوام بی جے پی حکومت سے پوری طرح سے ناراض ہیں۔ مودی حکومت میں ملک میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیے گئے ہیں۔ صرف عوام کے ساتھ چھوٹے وعدے کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
میڈیکل ایجوکیشن وزیر شرن پرکاش پاٹل نے مزید کہا کہ اس بار ملک بھر میں عوام بی جے پی پارٹی کو ضرور سبق سکھائیں گے۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار، سابق وزیر بابو راؤ چیچنسور، کنیز فاطمہ رکن اسمبلی گلبرگہ (شمال) اور ایم ولی پاٹل رکن اسمبلی افضل پور اور دیگر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی اور سابقہ اسمبلی اور کانگریس پارٹی کے لیڈران اور ورکرس موجود تھے۔ اس موقع پر پارٹی کارکنوں میں خوب جوش وخروش دیکھا گیا۔