گیا: ضلع گیا کی دو عظیم شخصیات فرد الحسن فرد اور ایس رضاء اللہ کو یاد کرکے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی۔ ضلع کے شیرگھاٹی میں انجمن ترقی اردو شاخ شیرگھاٹی اور عوامی اُردو نفاذ کمیٹی کے زیر اہتمام تعزیتی جلسہ کا انعقاد ہوا تھا جس میں گیا اور اطراف کی ادبی، طبی سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کرکے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ گذشتہ دنوں معروف ادیب و شاعر فرد الحسن فرد اور ہومیوپیتھی کے معروف ڈاکٹر ایس رضاء اللہ نے داعیٔ اجل کو لبیک کہہ دیا تھا۔ آج ان افراد کی یاد میں تعزیتی جلسہ کا اہتمام ہوا۔ شیر گھاٹی کے قاضی محلہ واقع نور کمیونٹی ہال میں منعقد تعزیتی جلسہ کی صدارت مشہور شاعر احمد اسلم نے کی۔ جب کہ نظامت کے فرائض ٹیچر شہراب خان نے بخوبی ادا کیے۔
یہ بھی پڑھیں:
گیا: شاعر فردالحسن فرد کے انتقال سے اردو ادب حلقہ میں غم کی لہر
انجمن ترقی اردو بہار شاخ شیرگھاٹی کے سکریٹری محمد علی نے بتایا کہ تعزیتی جلسہ کا آغاز جامع مسجد شیرگھاٹی کے امام مفتی نیر اعظم ندوی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ اس کے بعد انجمن ترقی اردو شیرگھاٹی کے نائب صدر عمران علی، شاعر احمد اسلم، عوامی اردو نفاذ کمیٹی مگدھ زون کے صدر جمشید اشرف، سکریٹری نسیم الدین، سابق نائب چیئرمین شکیل خان، مشہور شاعر تعظیم احمد گوہر، سید ابنل حسن اور حاجی محمد انعام وغیرہ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں عظیم شخصیات میں ایک چیز مساوی ہے کہ دونوں نے اپنی مادری زبان اردو کی ترویج و اشاعت میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رضاء اللہ کو ہومیو پیتھی میں مہارت حاصل تھی اور وہ اپنے طبی شعبہ کی خدمات کے ساتھ ساتھ اردو کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے تھے۔ انہوں نے مقامی ضلعی اور ریاستی سطح پر اردو کے تعلق سے پیش مسائل کے سد باب کے لیے مختلف سطح پر کوشش اور جدوجہد کرکے اس کو حل کرایا۔ مرحوم نے سماجی، ملی، قومی اور ادبی خدمات کے لیے خود کو وقف کر دیا تھا۔ شیرگھاٹی انتظامیہ بھی ان کی خدمات کا سہارا خاص مواقع پر لیا ہے۔ خاص طور سے جب شہر میں مذہبی منافرت جھگڑے وغیرہ کے معاملے پیش آتے تو اس وقت ڈاکٹر رضاء اللہ کو انتظامیہ امن کا سفیر بنا کر پیش کرتا اور دونوں طبقے کے لوگ ان کی باتوں کو بڑی سنجیدگی سے سماعت کرکے ان کے مشوروں کو قبول کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ بڑی بے باکی کے ساتھ قومی ملی مسائل پر اپنے تاثرات کے بھی اظہار کے لیے وہ معروف تھے۔ ان کے انتقال سے شیر گھاٹی اور اطراف میں ایک بڑا خلاء پیدا ہوا ہے جو عنقریب پر ہونا ممکن نظر نہیں آتا۔ جب کہ دوسری شخصیت معروف شاعر ادیب مصنف فرد الحسن فرد کی تھی جنہوں نے اپنے اشعار و کلام اور غزلوں کے ذریعہ حالات کی عکاسی کی اور اردو سے وابستہ طلباء کی صحیح رہنمائی کی۔ اس موقع پر موجود پٹنہ ایمس کے ڈاکٹر رضوان احمد، آر جے ڈی رہنما سید وسیم رضا، وارڈ کانسلر شاہد امام، کانگریس کے رہنما ذیشان آفریدی، ماسٹر محمد عادل، احمد حمبل، حاجی محمد مرتضیٰ، مہتاب عالم، نجیب اختر رنکو نے بھی اپنے تاثرات میں گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔