ممبئی: ممبئی میں ایک اجلاس کے دوران سابق رکن پارلیمنٹ و مہاراشٹر کے مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ امتیاز جلیل کی موجودگی میں مجلس کے ممبئی صدر کے عہدے سے فیاض احمد خان کو ہٹا دیا گیا ہے۔ اور ان کی جگہ رئیس لشکریہ کو اس عہدے پر منتخب کیا گیا۔ مجلس کے ممبئی کے دفتر میں اس بارے میں پریس کانفرنس ہوئی۔ اور اس دوران مجلس کے ممبئی کے سابق صدر فیاض احمد خان نے پریس کانفرنس کے دوران ہی مجلس کو الوداع کہہ دیا۔
اس دوران فیاض احمد خان اور اُن کے حامیوں نے مجلس کے دفتر میں جم کر ہنگامہ کیا۔ دراصل فیاض احمد خان اس اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑنا چاہتے ہیں جہاں سے وارث پٹھان نے انتخاب لڑا تھا۔ جبکہ پارٹی کا کہنا ہے کہ اُنہیں انتخاب میں حصہ لینا ہے تو صدارت کے عہدے سے دستبردار ہونا ہوگا۔ یہ باتیں پہلے بھی پارٹی کی میٹنگ میں ہو چکی ہیں۔ حالانکہ ممبئی کے بائیکلہ سیٹ پر وارث پٹھان کو بطور امیدوار دیکھا جا رہا ہے، فیاض احمد خان کو بھی اسی سیٹ سے انتخاب لڑنا ہے۔
چونکہ وارث پٹھان کے لئے کھڑے ہونے کے لیے راہیں آسان ہیں اور فیاض احمد خان کو یہاں سے اپنے زمین کھسکتے دکھائی دی۔ یہی سبب ہے کہ ہنگامہ برپا کیا گیا۔ حالانکہ مجلس کو پہلے عوام اور دوسری سیاسی پارٹیاں بی ٹیم کے لقب سے نوازتی تھیں اب اگر ان کی ہی پارٹی کے عہدیداران اور اُن کے کارکنان ہی اس لقب سے نوازیں گے تو ممبئی میں مجلس کا آگے کا مستقبل کیا ہوگا یہ سوچنے والی بات ہے۔