علیگڑھ: ریاست اترپردیش کے ضلع علیگڑھ میں عید الاضحی کے دوسرے روز یعنی 18 جون کی دیر رات کو ہجوم نے چوری کے الزام میں اورنگزیب کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا تھا۔
آزاد سماج پارٹی کے قومی صدر و نگینہ سیٹ سے رکن پارلیمنٹ چندر شیکھر آزاد نے آج محمد فرید عرف اورنگزیب کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور کہا کہ اورنگزیب کا قتل ایک سازش ہے۔
اورنگزیب پر عائد چوری کے الزام سے متعلق چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ اگر وہ چور تھا تو اس کو پولیس کے حوالے کیوں نہیں کیا گیا اور قتل کے گیارہ روز بعد اورنگزیب اور دیگر افراد جو موقع پر موجود بھی نہیں تھے، ان کے خلاف علیگڑھ پولیس نے طاقت اور دباؤ میں مقدمہ درج کیا ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اصل ملزم کو بچانے کے لیے پولیس انتظامیہ پر جو دباؤ ڈالا جا رہا ہے وہ قابل مذمت ہے اور میں پہلے بھی کہتا تھا اور آج پھر کہتا ہوں کہ اتر پردیش میں لاء اینڈ آرڈر اقتدار کی دہلیز پر دم توڑ چکا ہے۔
چندر شیکھر نے مزید کہا کہ موب لنچنگ کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ملزموں کو صاف طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے باوجود ابھی تک پانچ نامزد ملزم فرار ہیں اور جن کو گرفتار کرنے میں پولیس ناکام ثابت ہورہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب موب لنچنگ کے شکار ہونے والے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا اورنگزیب کو اگر انصاف نہیں ملا تو پارلیمنٹ میں آواز اٹھاؤں گا اور اگر وہاں بھی ہماری بات نہیں سنی گئی تو جلد ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں ہم وزیراعلیٰ اور پولیس کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کروں گا۔