گیا: بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ پٹنہ کے ذریعے انٹرمیڈیٹ امتحان کا آج یکم فروری سے آغاز ہوگیا۔ اس کےلئے محکمہ تعلیم اور بورڈ کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ اس بار انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں جاری گائیڈ لائنز کے مطابق طلبہ و طالبات امتحان ہال میں جوتے اور موزے پہن کر داخل نہیں ہوں گے، طلبا کو چپل میں ہی امتحان دینے جانا ہوگا، اگر کوئی طالب علم جوتا موزہ پہن کر پہنچتا ہے تو اسے امتحان ہال کے باہر ہی اتارنا پڑے گا ، اس سے بہتر ہے کہ طلبا پہن کر نہیں جائیں ، اس کی ہدایت سبھی ضلع کو جاری کر دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ کئی اور ہدایات ہیں جن پر عمل کرانے کی سختی سے ہدایت دی گئی ہے، انٹر کا امتحان 1 فروری سے 12 فروری تک جاری رہے گا ، ضلع میں امتحان کو پرامن اور نقل سے پاک کرانے کی غرض سے ضلع انتظامیہ ، ضلع پولیس اور محکمہ تعلیم کی جانب سے کی گئی تیاریوں کا حتمی جائزہ لیا گیا ہے۔
ضلع میں انٹرمیڈیٹ امتحان کے لیے کل 59 امتحان مرکز بنائے گئے ہیں جن میں گیا صدر سب ڈویژن میں 45 ،ٹکاری سب ڈویژن میں 5 شرگھاٹی سب ڈویژن میں 6 اور نیم چک بتھانی سب ڈویژن میں 3 امتحان مراکز بنائے گئے ہیں ۔ تینوں سب ڈویژنوں میں ایک ایک امتحان مرکز کو ' مثالی امتحان مرکز ' بنایا گیا ہے ۔ صدر سب ڈویژن کے تحت رامروچی بالکا انٹر اسکول، شیر گھاٹی سب ڈویژن کے تحت پروجیکٹ کنیا ہائی سکول ، ٹکاری سب ڈویژن کے تحت ٹکاری راج انٹر اسکول اور نیم چک بتھانی سب ڈویژن کے تحت یشونت ہائی اسکول کو مثالی مرکز بنایا گیا ہے ۔ تمام سنٹر سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے امتحان مرکز پر متعینہ وقت پر پہنچنے کو یقینی بنائیں ۔ضلع گیا میں اس بار انٹر کے امتحان میں9 6773 طلباامتحان دیں گے جن میں 35550 طالبات ہیں ، ہادی ہاشمی سنیئر سکنڈری پلس ٹو ہائی اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر نفاست کریم نے کہاکہ اس بار انٹرامتحان مزید سخت ہوگا اور کئی اضافی گائیڈ لائن جاری کی گئی ہیں ، انکے اسکول میں بھی سینٹر بنایا گیا ہے اور یہاں تمام تیاری مکمل کرلی گئی ہے ۔25 طلباء پر ایک ممتحن تعینات ہوگا۔
ٹریفک نظام پر ہوگی نگاہ
گیا میں امتحان کے تعلق سے پولیس نے امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے ساتھ ٹریفک کے بہتر نظام کو بحال رکھنے کی بھی تیاری کی ہے خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں کشادہ سڑکیں ہیں اور وہاں طالب علموں کی تعداد زیادہ ہوگی ، ایس ایس پی آشیش بھارتی نے ٹریفک ڈی ایس پی گیا کو خاص تیاری کرنے کے لیے روڈ چارٹ بھی دیا ہے چونکہ گیا شہر میں 45 امتحان مرکز گیا شہر میں ہیں اور یہاں جام کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے اس وجہ سے یہاں خصوصی نگاہ ہوگی اسکے علاوہ شیرگھاٹی ، ٹکاری اور بتھانی سب ڈیویزن میں بھی خاص نگاہ ہوگی۔
پولیس کی گشتی ٹیم تعینات
ضلع میں پرامن ماحول اور نقل سے پاک امتحان کرانے کی تیاری ضلع پولیس نے بھی کی ہے ، ٹریفک کے ساتھ نقل سے پاک امتحان کرانے کے لیے ضلع پولیس کی ٹیم بھی گشت پر ہوگی خاص طور پر امتحان مراکز کے باہر لگنے والے ہجوم کو 200 میٹر کے دائرے سے باہر رکھنا اور فوٹو کاپی وغیرہ کرنے والی دوکانوں پر بھی نگاہ ہوگی ، ایس ایس پی آشیش بھارتی نے کہاکہ تمام تیاری مکمل کرلی گئی ہے اور نقل سے پاک امتحان کرایا جائے گا۔