گیا : ضلع گیا کے چندوتی تھانہ حلقہ سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ نوجوان کی پہچان اقبال نگر محلہ کے رہنے والے محمد خورشید کے بیٹا محمد سجاد کے طور پر ہوئی ہے۔ حالانکہ قتل کی وجہ کیا ہے اور کس نے کیا ہے اسکا ابھی انکشاف نہیں ہو سکا ہے۔ لاش چندوتی حدود میں واقع ایک آہر سے برآمد ہوئی ہے۔ڈی ایس پی لاء اینڈ آرڈر خور شید عالم نے بتایا کہ بدھ کو چا کند تھانہ کو اطلاع ملی کہ چاکند اور چندوتی تھانہ کی حدود میں واقع بلنا بائی پاس کے قریب آہر میں ایک نامعلوم نوجوان کی لاش پڑی ہوئی ہے۔
اعلیٰ افسران کو مذکورہ اطلاع دینے کے بعد چاکند تھانہ انچارج اور تھانہ کے دیگر اہلکار فوری طور پر پولیس جوانوں کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ ابتدائی طور پر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ نوجوان کو کہیں اور قتل کرکے اس کی لاش یہاں لاکر پھینک دی گئی تھی۔ تصدیق کے دوران متوفی نوجوان کی شناخت محمد سجاد ابن محمد خورشید عرف فیکو محلہ اقبال نگر پنچایتی اکھاڑہ تھانہ کوتوالی ضلع گیا کے طور پر ہوئی ہے۔ لاش کو مزید تفتیش اور پوسٹ مارٹم کے لیے مگدھ میڈیکل ہسپتال بھیج دیا گیا جہاں سے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو لواحقین کو سپرد کردیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ اس سلسلے میں تھانہ کی سطح سے مزید کارروائی کی جا رہی ہے اور قتل کے تعلق سے پولیس تفتیش میں مصروف ہے۔ جلد ہی پولیس پورے معاملے کی جانچ کر انکشاف کردے گی اور جلد ہی قاتلوں کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔