تھانے: مہاراشٹر کے تھانے ضلع کے بدلاپور میں دو لڑکیوں کے مبینہ جنسی استحصال کا معاملہ سامنے آنے کے بعد مشتعل لوگوں نے منگل کو شدید احتجاج کیا۔ اس دوران لوگوں نے ممبئی جانے والی ٹرین کو روک دیا۔ صبح 8 بجے کے قریب احتجاج کے باعث اپ اور ڈاؤن روٹس پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر رہی۔ اس دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے ریلوے اسٹیشن پر بھاری تعداد میں ریلوے پولیس فورس کو تعینات کیا گیا۔ مشتعل ہجوم نے اسکول میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ اس اسکول میں توڑ پھوڑ کرنے والوں میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھیں۔ انہوں نے اسکول کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔
کافی کوشش کے بعد پولیس نے ریلوے ٹریک کو خالی کرایا۔ احتجاج کرنے والے لوگوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی گئی۔ پولیس نے بدلاپور ریلوے اسٹیشن پر جمع مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مظاہرے کے دوران بھیڑ نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اجمیر بلیک میل کیس 1992 میں چھ ملزمان کو عمر قید، پانچ لاکھ روپے جرمانہ - 1992 Ajmer scandal
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ بدلاپور معاملے میں ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس معاملے میں کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔ اس شرمناک واقعہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فڑنویس نے کہا کہ بدلاپور میں جنسی ہراسانی کا واقعہ بہت سنگین ہے۔ اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے معاملے کی تحقیقات کے لیے آئی جی رینک کی خاتون افسر کی قیادت میں ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ حکومت اس کیس کو فاسٹ ٹریک کورٹ میں لے جانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ متاثرہ خاندان کو جلد از جلد انصاف مل سکے۔