اورنگ آباد: اورنگ آباد شہر میں ان دنوں وبائی امراض میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈینگو، ملیریا، چکن گنیا اور ڈائریا جیسی بیماریوں کے لحاظ سے انتہائی متاثرہ ہائی رسکی علاقوں میں کراڑ پورہ وارڈ اور اطراف کی بستیاں بھی شامل ہیں۔ کراڑ پورہ وارڈ میں بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین کی بڑی تعداد ڈینگو کا شکار ہو چکی ہے۔ اسی مناسبت سے سوشل ورکر و مجلس اتحاد المسلمین کے نمائندہ حاجی اسحاق نے میونسپل شعبہ صحت سے ٹھوس نمائندگی کی اور کراڑ پورہ وارڈ میں خصوصی طور پر صفائی مہم کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔
غور طلب ہے کہ زون نمبر تین کے افسران اور نہرو نگر میں واقع خواجہ غریب نواز اسپتال کے اسٹاف کے علاوہ شعبہ صحت و ملیر یا سیکشن ملازمین کے ذریعہ یہاں مشترکہ طور پر صفائی اور مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ اور فوگنگ وغیرہ کی گئی۔ مقامی ساکنان کے گھروں میں موجود پانی کے ذخائر کی جانچ بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ شعبہ صحت کے تحت مریضوں کی طبی جانچ کر کے گولیوں کے ساتھ ساتھ پانی میں مچھر انڈے نہ دیں، اس کی گولیاں بھی تقسیم کی گئی۔ مقامی باشندوں کو اس مہم کے دوران ہدایت دی گئی کہ صاف پانی کو ڈھانک کر رکھیں، تاکہ اس میں ڈینگوو، چکن گنیا کے مچھر انڈے نہ دیں۔
گملوں، ٹائر، کولر میں پانی نہ جمع ہونے دیں، اگر ان پانی میں مچھر پیدا ہوتے ہیں تو ان سے متعدد بیماریاں عوام میں پھیل سکتی ہے، اسی لیے احتیاطی تدابیر کو اختیار کر بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔اس مہم میں مونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے علاوہ ڈاکٹرس و ملیریا سیکشن کے ملازمین نے اس مہم کو عملی جامہ پہنایا۔