لکھنؤ: لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں تین اہم اتحاد بنائے گئے ہیں۔ بی جے پی کے این ڈی اے اور کانگریس ایس پی کے انڈیا اتحاد کے ساتھ اب پی ڈی ایم بھی انتخابی میدان میں ہے۔
غور طلب ہو کہ اترپردیش کی 7 لوک سبھا سیٹوں کے لیے پی ڈی ایم کی پہلی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ سماج وادی پارٹی کی ایم ایل اے پلوی پٹیل اور اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے اترپردیش میں پسماندہ دلت مسلم اتحاد بنایا تھا۔
یہ دونوں پارٹیاں اترپردیش میں ایک ساتھ الیکشن لڑ رہی ہیں۔ پرینکا گاندھی کے انڈیا الائنس کے ساتھ رائے بریلی سے الیکشن لڑنے کے بارے میں جاری قیاس آرائیوں کے درمیان، پی ڈی ایم نے یقینی طور پر یہاں ایک مسلم امیدوار کا اعلان کر کے انڈیا الائنس کے لیے ایک مسئلہ کھڑا کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ بریلی لوک سبھا سیٹ سے سبھاش پٹیل، ہاتھرس لوک سبھا سیٹ سے جے ویر سنگھ دھنگر، فیروز آباد سے ایڈوکیٹ پریم دت بگھیل، رائے بریلی سے حافظ محمد مبین، فتح پور سے رام کرشن پال، بھدوہی سے پریم چند بند اور چندولی سے جواہر بند کو امیدوار قرار دیا گیا ہے۔ یہ جانکاری پسماندہ دلت مسلم مورچہ کے دفتر سکریٹری محمد عاشق نے دی۔
جمعہ کو پی ڈی ایم کی پہلی میٹنگ لکھنؤ میں بلائی گئی تھی۔ اس میں پلوی پٹیل کے ساتھ، جو پی ڈی ایم کی قیادت کر رہی ہیں، اے آئی ایم آئی ایم کے رہنما بھی موجود تھے۔ چار سے پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں اترپردیش کی 80 لوک سبھا سیٹوں کے امیدواروں کے ناموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تاہم پی ڈی ایم کا رول ان لوک سبھا سیٹوں پر نظر نہیں آئے گا جہاں پہلے اور دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہونی ہے، کیونکہ دونوں مرحلوں کے نامزدگی کے عمل کے مکمل ہونے کے بعد پلوی پٹیل اور اسد الدین نے پی ڈی ایم کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ قومی ایگزیکٹیو ممبر اجے پٹیل نے کہا کہ پی ڈی ایم اترپردیش میں مضبوطی سے الیکشن لڑے گی، دیگر سیٹوں کے امیدواروں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
- ہندوستانی ورکرز کو اسرائیل بھیجنے کا سلسلہ بند کیا جائے: اویسی کا مطالبہ
- اترپردیش میں تیسرے محاذ کا اعلان، اپنا دل اور ایم آئی ایم میں اتحاد
لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے نامزدگی کا عمل 12 اپریل سے شروع ہوا ہے، جس میں اترپردیش کی 10 لوک سبھا سیٹیں ہاتھرس، سنبھل، ایٹہ، مین پوری، آگرہ، فتح پور سیکری، فیروز آباد، بدایوں، آملہ اور بریلی شامل ہیں۔ ساتھ ہی اس نامزدگی کی آخری تاریخ 19 اپریل ہے۔ تیسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ 7 مئی کو ہوگی۔