علیگڑھ: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) شعبہ رابطہ عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایڈمنسٹریٹیو بلاک میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی میٹنگ کے بعد غیر تدریسی ملازمین نے اپنی غیر معینہ ہڑتال کو واپس لے لیا ہے۔ میٹنگ میں اسٹاف ایکشن کمیٹی کے ارکان، اے ایم یو کے پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی، ڈپٹی پراکٹر پروفیسر علی نواز زیدی اور ان کی ٹیم کے دیگر ارکان، ضلع انتظامیہ کے نمائندے، ایڈیشنل سٹی مجسٹریٹ (اے سی ایم) سنجے مشرا اور سرکل آفیسر /اے ایس پی امرت جین موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
اے ایم یو غیر تدریسی ملازمین کی غیر معینہ ہڑتال
میٹنگ میں پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے ملازمین کی شکایات سنیں اور ان کے سوالوں کے جواب دیے۔ انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو قطعی فیصلے کے لیے 17 فروری کو ہونے والی یونیورسٹی ایگزیکیٹیو کونسل (ای سی) کی میٹنگ میں رکھا جائے گا۔ ان کی یقین دہانی سے مطمئن ہو کر ملازمین نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ پروفیسر وسیم علی کی قیادت میں پراکٹوریل ٹیم نے ہڑتال کے دوران پوری مستعدی برقرار رکھی اور کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال پر نظر رکھی۔ واضح رہے کہ ملازمین اپنی ملازمت کے کنفرمیشن، اولانس کی بحالی اور انکریمنٹ کے ساتھ ملازمت سے متعلق دیگر مطالبات کو لے کر گزشتہ روز (8 فروری) سے غیر معینہ ہڑتال پر چلے گئے تھے۔