اٹاوہ/قنوج: سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے قنوج کی سیٹ پر تعطل ختم کرتے ہوئے پارٹی کی روایتی سیٹ کو واپس پانے کے لئے اپنےبھتیجے تیز پرتاپ یادو کو امیدوار بنا کر ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ تیز پرتاپ کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو کے داماد ہیں۔ عطر نگری میں ان کا مقابلہ بی جےپی کے موجودہ ایم پی سبرت پاتھک اور بی ایس پی کے عمر ان سے ہوگا۔
سال 1999 میں ملائم سنگھ یادو کے قنوج سے الیکشن جیتنے کے بعد سال 2000 سے 2009 تک لگاتار تیسری بار اکھلیش یادو ایم پی رہے ۔ سال 2012 میں ڈمپل یادو بلا مقابلہ ایم پی منتخب کی گئیں۔ اس کے بعد سال 2014 میں بھی ڈمپل نے جیت درج کی۔ سال 2019 میں بی جے پی امیدوار سبرت پاٹھک نے ڈمپل کو ہرا کر ایس پی کے قلعہ میں سیندھ ماری کی تھی۔
قنوج پارلیمانی سیٹ سے جن تیز پرتاپ یادو کے نام کا اعلان کیا گیا ہے وہ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کے چچا رتن سنگھ یادو کے مرحوم بیٹے رنویر سنگھ یادو کے اکلوتے بیٹے ہیں۔اکھلیش یادو کے علاوہ اوریا ضلع کی بدھونا اسمبلی سیٹ کی ایم ایل اے محترمہ ریکھا ورما اور مین پوری کے سابق ایم پی تیج پرتاپ یادو کے نام قنوج پارلیمانی سیٹ سے الیکشن لڑنے کے سلسلے میں کافی دنوں سے بحث کے مرکز میں تھے۔
زیادہ تر سماجوادی لیڈر سوچ رہے تھے کہ ایس پی سربراہ خود قنوج پارلیمانی سیٹ سے الیکشن لڑیں گے، لیکن آج جب مین پوری کے سابق ایم پی تیج پرتاپ یادو کے نام کا اعلان کیا گیا تو تمام بحثیں ختم ہوگئیں۔ تیج پرتاپ یادو کا نام اعظم خان کے حلقہ انتخاب رام پور سے الیکشن لڑنے والوں میں بھی تھا لیکن پارٹی نے ان کے نام کا اعلان نہیں کیا تھا۔
یواین آئی۔