ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا کہنا ہے کہ، انہوں نے بارامتی لوک سبھا انتخابات میں اپنی بہن سپریا سولے کے خلاف اپنی بیوی سنیترا پوار کو میدان میں اتار کر غلطی کی ہے۔ اجیت پوار نے میڈیا کے سامنے اپنی اس غلطی کا اعتراف کیا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاست میں 'جن سمان' یاترا نکالی ہے۔ اس سلسلے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اجیت پوار نے بارامتی لوک سبھا الیکشن کے حوالے سے چونکانے والا بیان دے دیا۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ، "بارامتی لوک سبھا انتخابات میں سنیترا پوار کو نامزد کرنا میری غلطی تھی۔ سیاست کو گھر میں نہیں لانا چاہیے تھا۔ سیاست، سیاست کی جگہ اور گھر، گھر کی جگہ رہتا ہے۔ جب اجیت پوار سے پوچھا گیا کہ، کیا آپ راکھی پورنیما پر سپریا سولے سے ملیں گے؟ تو انہوں نے کہا کہ اگر وہ دورے کے دوران وہاں موجود رہیں تو وہ راکھی پورنیما پر سپریا سولے سے ملیں گے۔
اجیت پوار نے کہا کہ، میں اپنی تمام بہنوں سے پیار کرتا ہوں۔ خاندان میں سیاست کو داخل ہونے نہیں دینا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ، میں نے اپنی بہن کے خلاف سنیترا پوار کو میدان میں اتارنے کی غلطی کی ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ لیکن این سی پی کے پارلیمانی بورڈ نے سنیترا پوار کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا۔ میرے خیال میں یہ غلط تھا -
شرد پوار کی تنقید پر نہیں بولیں گے:
اجیت پوار نے کہا کہ شرد پوار ایک سینئر لیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ خاندان کے سربراہ بھی ہیں۔ اس لیے وہ ان کی طرف سے کی جانے والی کسی بھی تنقید کا جواب نہیں دیں گے۔ اس سے پہلے اجیت پوار کا براہ راست ذکر کیے بغیر شرد پوار نے ریٹائرمنٹ لینے کا بیان دیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران شرد پوار کو 'بھٹکتی آتما' کہا تھا۔ حال ہی میں اجیت پوار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم مودی کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔
سپریا سولے کے ہاتھوں سنیترا پوار کی شکست:
اجیت پوار نے این سی پی چھوڑنے کے بعد لوک سبھا انتخابات میں اپنی بیوی سنیترا پوار کو ایم پی سپریا سولے کے خلاف براہ راست نامزد کیا تھا۔ بارامتی لوک سبھا حلقہ میں پہلی بار پوار خاندان کے دو امیدوار میدان میں اترے۔ وزیر اعظم مودی نے سنیترا پوار کی انتخابی مہم کے لیے پونے میں ایک بڑی انتخابی ریلی کی۔ اس کے علاوہ اجیت پوار نے بھی سنیترا پوار کی جیت کے لیے اپنی پوری طاقت لگا دی۔ تاہم، سپریا سولے نے سنیترا پوار کو ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی۔ اجیت پوار اور شرد پوار کے اس الیکشن کا پورے ملک میں چرچا تھا کیونکہ یہ وقار کا الیکشن تھا۔ تاہم، اجیت پوار نے بی جے پی کے کوٹے میں سنیترا پوار کو راجیہ سبھا کی امیدواری دلانے میں کامیابی حاصل کی۔ اب سنیترا پوار راجیہ سبھا کی رکن ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: