مالیگاؤں : مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے کہا کہ ’میں این ڈی اے میں ضرور گیا ہوں لیکن اپنی سیکولر روایات کو باقی رکھا ہوں۔ فرقہ پرستی سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، میں وعدہ کرتا ہوں کہ ہمیشہ سب مذاہب، ذات اور برادری کو ساتھ لیکر چلوں گا‘۔ انہوں نے مالیگاؤں دورہ کے موقع پر وقف ترمیمی بل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کسی کیساتھ ناانصافی نہیں ہونے دوں گا، وقف ترمیمی بل معاملہ پر میں مسلمانوں کے ساتھ کھڑا رہوں گا‘۔ اجیت پوار نے کہا کہ وقف بل پر راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جانب سے جلد ہی دیگر این ڈی اے حلیفوں سے بات کی جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت سنجیدہ ہے۔
دراصل اجیت پوار سابق میئر مرحوم شیخ رشید کے مکان پر پہنچ کر ارکان خاندان کو پرسہ دیا۔ انہوں نے شیخ رشید کے بھائیوں، فرزندان آصف شیخ و سابق میئر طاہرہ شیخ سمیت اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیتی پیش کی۔ سینئر این سی پی لیڈر شیخ رشید کا کچھ روز قبل انتقال ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وقف ترمیمی بل کی جے ڈی یو کے مسلم رہنماوں نے مخالفت کردی - JDU Muslim leaders
اس دوران شہر کے مختلف نمائندہ وفد نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے ملاقات کی۔ اس میں آل انڈیا سنی جمعیت الاسلام کے صوفیا نورو العین کی قیادت میں وفد نے وقف ایکٹ میں کئی ترامیم کیخلاف میمورنڈم دیا۔ اسی طرح اساتذہ کی تنظیم شکشک سمنوئے مہا سنگھ کی جانب سے شیخ زاہد سر و افتخار انصاری سر نے تقریباً سو لیڈیز جینٹس ٹیچرس کے ساتھ اجیت پوار سے ملاقات کی اور سو فیصد گرانٹ دینے کا مطالبہ کیا۔ تمام مسائل کو بغور سننے کے بعد نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے یقین دہانی کرائی کہ میں ممبئی پہنچ کر مالیگاؤں کے پاورلوم کے مسائل، اساتذہ کے مسائل اور شہر کی تعمیر و ترقی کے مسائل پر بات چیت کرونگا اور آصف شیخ کو ان مسائل کے حل کیلئے ممبئی مدعو کرونگا کہ جلد از جلد یہ مسائل حل ہوسکے۔