دہرادون: لوک سبھا انتخابات 2024 کی تشہیری مہم کے دوران کانگریس کے سابق صدر و لوک سبھا میں موجودہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کی اگنی ویر اسکیم کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ راہل گاندھی جہاں بھی تشہیر کے لیے گئے اگنی ویر اسکیم کو ناکام پالسی قرار دیتے رہے۔ سیاسی ماہرین بھی مانتے ہیں کہ اس لوک سبھا انتخابات میں اگنی ویر اسکیم پر تنقید اور بے روزگاری کے موضوع نے اپوزیشن کی بہترین کارکردگی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ اب بی جے پی کی ریاستی حکومتون کو بھی یہ بات سمجھ آرہی ہے۔
اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت نے مسلح افواج میں خدمات انجام دینے کے بعد واپسی پر اگنی ویروں کو اتراکھنڈ میں سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے جمعہ کو کرگل وجے دیوس کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر یہ اعلان کیا۔
کرگل جنگ کے دوران ملک کی سرزمین کے دفاع کے لیے انتہائی سخت حالات میں بہادری سے لڑنے والے مسلح افواج کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے، دھامی نے کہا کہ ریزرویشن کو بڑھانے کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔
دھامی نے کہا کہ، "ہم ان کو سرکاری خدمات میں ریزرویشن دینے کے لیے دفعات بنائیں گے اور ایک قانون لائیں گے۔ ہم اس منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ ہم مختلف سرکاری محکموں میں ان کی مہارت اور نظم و ضبط کا استعمال کریں گے۔"
وزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین کو دی جانے والی امداد 10 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے جان دینے سے بڑی کوئی قربانی نہیں ہو سکتی۔ اس عظیم قربانی کے لیے کوئی گرانٹ یا اعزاز کافی نہیں ہو سکتا۔
جنگ میں اپنی جانیں قربان کرنے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، دھامی نے کہا کہ جنگ میں کسی ملک کی جیت سیاسی قیادت کی قابلیت پر بھی منحصر ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: