ممبئی: ہمیشہ تنازعہ میں گھرے رہنے والے بگ باس سیزن 17 کے فاتح منور فاروقی سمیت کل 14 لوگوں کو ممبئی پولیس نے ایک حقه پارلر سے کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لیا۔ منور فاروقی کے ساتھ اُن کے مینیجر صداقت کے خلاف بھی ممبئی پولیس کی سوشل سروس برانچ نے کارروائی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ممبئی کے فورٹ علاقہ میں واقع سبالن ہوٹل میں منور فاروقی اُن کے مینیجر صداقت خان سمیت کل 14 لوگ یہاں موجود تھے۔ ایس ایس برانچ کے افسران نے جب چھاپہ ماری کی تو افراتفری مچ گئی۔ تقریباً تین گھنٹے کی اس چھاپہ ماری میں پولیس نے حقہ سمیت بڑی مقدار میں حقہ کے لیے استعمال ہونے والے فلیور کو بھی ضبط کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
منور فاروقی کے ڈرون آپریٹر کے خلاف ایف آئی آر درج
منور فاروقی اور اُن کے مینیجر صداقت خان نے ایس ایس برانچ سے خود کو چھوڑنے کی بہت منت سماجت کی۔ لیکن پولیس نے ایک نہ سنی۔ سارے ملزمین کو حراست میں لیے جانے کے بعد ممبئی کے ایم آر اے مارگ پولیس تھانہ لے جایا گیا۔ ممبئی پولیس نے ان ملزمین کے خلاف کوپٹا ایکٹ سمیت کئی دفعات کے تحت کارروائی کی ہے۔ اور سارے ملزمین کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ہم نے اس دوران منور فاروقی سے سمیت اُن سارے ملزمین سے سوالات کیے لیکن کسی نے کوئی جواب نہیں دیا۔
آپ کو بتا دیں کہ حقہ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ باوجود اس کے ممبئی کی متعدد جگہیں اس کی زد میں ہیں۔ جہاں نوجوان نسل اس کی لت کا شکار ہے۔ یہی سبب ہے کہ وقتاً فوقتاً ایس ایس برانچ کی کارروائیاں ہوتی رہتی ہیں۔ فی الحال ممبئی پولیس ضبط کیے گئے نمونوں کی جانچ کر رہی ہے کہ ان فلیور میں تمباکو کی سطح کے ساتھ ساتھ کیا کسی اور طرح کی منشیات کی آمیزش تو نہیں ہے۔