نئی دہلی: دہلی کے ایک علاقے میں ایک نابالغ لڑکی کی عصمت دری کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کرنے پر کچھ تنظیموں نے تھانے کے باہر جمعرات کی رات دیر گئے تک ہنگامہ کیا۔ ہنگامہ آرائی کے بعد اعلیٰ حکام نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
یہ واقعہ 29 اپریل کو پیش آیا۔ اس کے بعد سے لڑکی کے گھر والے تھانے کے چکر لگا رہے ہیں۔ الزام ہے کہ ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے پولیس متاثرہ کے اہل خانہ کو دھمکیاں دے رہا ہے۔ معاملہ دو مختلف مذہبی فرقوں سے متعلق ہے۔ پولیس اسٹیشن کے باہر مذہبی تنظیموں کے لوگوں نے زبردست مظاہرہ کیا۔ متاثرہ لڑکی کے والد کا کہنا ہے کہ لڑکا بالغ ہے۔ اس نے ان کی بیٹی کو کسی نا معلوم جگہ لے جا کر زیادتی کی۔ میں رات بھر لڑکی کو ڈھونڈتا رہا۔ اگلی صبح لڑکی میٹرو اسٹیشن کے قریب پائی گئی۔
والد کا الزام ہے کہ پولیس نے کوئی مدد نہیں کی۔ مذہبی تنظیموں کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے پولیس اسٹیشن کے انچارج کو اطلاع دی تو بچی کو طبی جانچ کے لیے لے جایا گیا۔
مزید پڑھیں:کمسن لڑکی کے ساتھ ریپ - Rape Incident
بڑھتے ہوئے احتجاج کو دیکھ کر ضلع کے اعلیٰ حکام بھی پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔ متاثرہ کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ مذہبی تنظیموں کے نمائندوں سے بات کی اور سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ لڑکی کو دوبارہ طبی معائنے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پھر مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔