اورنگ آباد: اورنگ آباد پارلیمانی حلقے میں لوک سبھا انتخابات کی پولنگ سے محض ایک دن پہلے شہر میں تقریباً 40 لاکھ روپے نقد پولیس کے ہاتھ لگے ہیں، یہ کارروائی اورنگ آباد پولیس کے ڈی سی پی لیکن بگاٹے اور ان کی ٹیم نے انجام دی، اس سلسلے میں چار مشتبہ ملزمین کو کرانتی چوک پولیس نے اپنی حراست میں لیا ہے۔ گرفتار کیے گئے ملزمین سے پولیس پوچھ گچھ کر رہی ہے، اس بات کی جانچ کی جارہی ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر یہ رقم کہاں سے لائی گئی اور کہاں لے جایا جا رہا تھا۔ فی الحال اس معاملے کی اطلاع انکم ٹیکس محکمہ کو دی گئی ہے اور شہر کے کرانتی چوک پولیس اسٹیشن میں معاملہ داخل کیا جا رہا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اورنگ آباد کے پیٹھن گیٹ علاقے میں ایس ایس ایسسریز و ایک کوریئر سروس پر مشتبہ سرگرمیاں جاری تھی، پولیس کو دس روز پہلے ہی اس کی بھنک لگ گئی تھی، اس لیے اورنگ آباد پولیس کے اعلی افسران کی رہنمائی میں ایس ایس ایسسریز پر خصوصی توجہ رکھی گئی تھی، اور موقع پاکر پولیس نے چھاپہ مارا، پولیس حکام کے مطابق اس کارروائی میں انچالیس لاکھ پینسٹھ ہزار روپئے نقد برآمد ہوئے ہیں، ساتھ دو سے تین پیسے گننے والی مشین، ضروری دستاویزات، موبائیل اشیاء بھی ضبط کی گئی ہے۔
پولیس اب اس جانچ میں مصروف ہے کہ عین پارلیمانی انتخابات کی پولنگ سے قب اتنی خطیر رقم کسے بھیجی گئی اور کن مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی تھی، فلحال اورنگ آباد پولیس نے جانچ کے لئے انکم ٹیکس افسران کو اطلاع کر دی ہے، اور آگے کی تفتیش انکم ٹیکس کے ساتھ ساتھ کرانتی چوک پولیس کر رہی ہے، باضابطہ انکم ٹیکس محکمہ کو اس کی شکایت کی گئی ہے۔ اس معاملے میں کرانتی چوک پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی ہے، ڈی سی پی بگاٹے کی قیادت میں مزید جانچ جاری ہے۔ فی الحال بتایا جا رہا ہے کہ اس کوریئر سروس کی دکان سے حوالے کے پیسے کا کاروبار کیا جاتا تھا۔