دہلی: مرکزی وزارت صحت نے چاندی پورہ وائرس (CHPV) کے تیزی سے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے گجرات، مدھیہ پردیش اور راجستھان کو الرٹ کر دیا ہے۔ وزارت صحت کے ایک سینئر اہلکار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ "وزارت صحت نے ان تینوں ریاستوں کو چوکسی برقرار رکھنے اور اس کے پھیلاؤں کو روکنے کےلے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اسی دوران گجرات کے وزیر صحت رشیکیش پٹیل نے کہا کہ ریاست بھر میں چاندی پورہ وائرس کے 37 کیسز کا پتہ چلا ہے اور ریاستی حکومت نے اس بیماری پر قابو پانے کے لیے کافی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں اب تک چاندی پورہ وائرس کے تقریباً 133 معاملے درج کیے گئے ہیں۔ ایک پریس کانفرنس میں چاندی پورہ وائرس کے بڑھتے ہوئے کیس پر بات کرتے ہوئے پٹیل نے کہا، "اب تک تقریباً 133 کیسز درج کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 37 کیسز میں چاندی پورہ وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور باقی کیسز کے بارے میں ابھی تک تصدیق نہیں کی جاسکی ہے۔ جاریہ ماہ کے شروع میں، گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے چاندی پورہ وائرس کے درمیان ریاست کی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس وبا پر قابو پانے کے لیے کیے جارہے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ یہ وائرس زیادہ تر 15 سال سے کم عمر کے بچوں کو متاثر کرتا ہے، اس سے تیز بخار آتا ہے اور بعض صورتوں میں موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ اگرچہ چاندی پورہ وائرس کے لیے کوئی خاص علاج دستیاب نہیں ہے تاہم بروقت علاج کے بہتر نتائج ہوسکتے ہیں۔