اورنگ آباد : مہاراشٹرا کے اورنگ آباد شہر میں واقعے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل ( گھاٹی) میں ریگنگ کا معاملہ سامنے آیا ہے، گھاٹی اسپتال میں واقعے لڑکوں کے ہاسٹل میں ایم بی بی ایس کے سینئر طلبہ نے جونیئر طلبہ کے ساتھ ریکنگ کیا تھا، جس پر تین سینئر طلبہ کو چھ ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا اور ان پر مستقل کالج کے ہاسٹل اور لائبریری میں داخلے پر پابندی بھی لگائی گئی ہے اور سبھی چھ سینئر طلبہ پر 25 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
اورنگ آباد شہر میں واقع گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل ( گھائی) کے ایم بی بی ایس تھرڈایئر کے چھ طلباء دوسرے سال کے چھ طلباء کو چائے، کافی، سگریٹ اور شراب لانے کا کہہ کر جونیئر طالبِ علم کو ہراساں کر رہے تھے، یہ سلسلہ پچھلے 3 ماہ سے جاری تھا۔ حد یہ ہو گئی کہ دوسرے سال کے طالب علم نے تیسرے سال کے طالب علموں کی بات نہیں سنی تو ایک طالب علم نے اس کا گریبان پکڑ کر اسے گالی دی۔ اس سے ناراض ہو کر جونیئر طالب علم نے اپنے والد کو اس کی اطلاع دی۔ والد نے اسپتال انتظامیہ اور نیشنل میڈیکل کونسل کو ای میل کر کے اس کی شکایت کی جس کے بعد کالج کے سپرٹینڈنٹ نے ہاسٹل میں جا کر تفتیش کی جس کے بعد ریگنگ کرنے والے طلبہ پر سخت ایکشن لیا گیا اور کالج میں واقع اینٹی ریگنگ کمیٹی سے شکایت کی۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کمیٹی نے فوری میٹنگ کی اور شکایت کے مطابق تحقیقات کی،اور 12 گھنٹے میں ہی اپنا فیصلہ سنایا۔ اس تفتیش کے بعد واضح ہوا کہ سینیئر طلبہ نے جونیئر طالب علم کی ریکنگ کی ہے۔ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کالج کے ڈین ڈاکٹر شیواجی سوکرے کے مطابق اس معاملے میں نیشنل میڈیکل کونسل ( این ایم سی) کے قواعد کے مطابق کارروائی کی ہے۔جس میں چھ میں سے تین طلبہ کو چھ ماہ کے لیے میڈیکل کالج سے معطل کر دیا گیا ہے۔ اور انہیں پوری ایم بی بی ایس کی پڑھائی تک کالج کے ہاسٹل اور لائبریری میں داخلے پر پابندی لگائی ہے۔ اس کے علاوہ سبھی چھ طلبہ پر 25 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔