نیویارک: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے گروپ مرحلے کے 19ویں میچ میں آج گروپ اے سے بھارت اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ میچ نیو یارک کے ناساو انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارتی وقت کے مطابق رات 8 بجے سے کھیلا جائے گا۔
اس بڑے میچ میں بھارت کی طاقت ان کی بیٹنگ ہوگی جبکہ پاکستان کی طاقت ان کی باؤلنگ ہوگی۔ ایسے میں بلے اور گیند کے درمیان دلچسپ مقابلے کی امید کی جارہی ہے۔ یہ میچ ٹی وی پر اسٹار اسپورٹس نیٹ ورک چینل پر براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا، جبکہ موبائل میں اس میچ کی لائیو اسٹریمنگ ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر کی جائے گی۔
بھارت اور پاکستان آخری بار آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (MCG) اسٹیڈیم میں 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مدمقابل ہوئی تھیں۔ جس میچ میں ویراٹ کوہلی کی ایک شاندار اننگز نے ہارے ہوئے میچ کو جیت میں تبدیل کردیا تھا۔
بھارت بمقابلہ پاکستان ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈز
بھارت اور پاکستان کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ جس میں ٹیم انڈیا نے 9 میچ جیتے ہیں، جب کہ اسے 3 میچوں میں شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔ جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں نے اب تک سات میچ کھیلے ہیں، جس میں بھارت نے پانچ اور پاکستان نے ایک میچ جیتا ہے، جبکہ ایک میچ ٹائی ہوگیا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مجموعی طور پر بھارت کا بڑا اسکور 160 رنز ہے اور سب سے کم اسکور 119 ہے جبکہ پاکستان کا سب سے بڑا اسکور 159 رنز اور سب سے کم اسکور 118 رنز ہے۔
پاکستان اور بھارت کی ممکنہ پلیئنگ الیون:
بھارت: روہت شرما (کپتان)، ویراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، شیوم دوبے، رویندرا جڈیجہ، کلدیپ یادو، ارشدیپ سنگھ، جسپریت بمراہ، محمد سراج۔
پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، اعظم خان، فخر زمان، افتخار احمد، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عماد وسیم حارث رؤف، محمد عامر، نسیم شاہ، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی۔