ڈلاس (امریکہ): ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکہ نے کینیڈا پر یکطرفہ جیت کرنے کے ساتھ ساتھ کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینیڈا نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹ کھو کر 194 کا بڑا اسکور کھڑا کیا تھا۔ لیکن ہدف کے تعاقب میں ایرون جونز کے ناٹ آوٹ 94 رنز کی شاندار اننگز نے امریکہ کو شاندار جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
اس دوران جونز نے متعدد ریکارڈ بھی اپنے نام کیے۔ وہ ویسٹ انڈیز کے سابق بلے باز کرس گیل کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے (10) لگانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے، گیل نے 2016 میں انگلینڈ کے خلاف 11 چھکے لگائے تھے۔
اس کے علاوہ، جونز نے صرف 22 گیندوں میں نصف سیچری مکمل کرکے امریکہ کے لیے تیز ترین نصف سنچری بنانے والے اسٹیون ٹیلر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ نیز، یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کامیاب تعاقب میں تیسرا سب سے زیادہ اسکور تھا۔
جونز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہدف کے تعاقب میں کسی نان اوپنر کے ذریعہ سب سے زیادہ اسکور بھی بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام درج کرلیا ہے۔ امریکہ نے انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میں اپنا سب سے کامیاب ہدف کا تعاقب کا بھی ریکارڈ بنایا۔ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میں اپنا تیسرا سب سے زیادہ مجموعی اسکور کا بھی ریکارڈ بنایا۔
پہلے میچ میں کینیڈا کے خلاف زبردست جیت ملنے سے آنے والے میچوں میں امریکہ کے حوصلے ضرور بلند کریں گے۔ لیکن وہ بھارت، آئرلینڈ اور پاکستان کے ساتھ گروپ اے میں ہیں، اس لیے سپر ایٹ میں آگے بڑھنا ان کے لیے ایک مشکل چیلنج ہوگا۔