پیرس: بھارت کے ساتوک سائراج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی ٹاپ بیڈمنٹن جوڑی نے فرنچ اوپن 2024 کے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کے سیو سیونگ جے کانگ من ہیوک کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ جبکہ لکشیا سین سنگلز میچ ہارنے کے بعد باہر ہو گئے ہیں۔
ہفتہ کو کھیلے گئے میچ میں دنیا کی نمبر ایک بیڈمنٹن جوڑی رنکی ریڈی اور شیٹی نے موجودہ عالمی چمپئن سیو سیونگ جے اور کانگ من ہیوک کو 21-13، 21-16 کے اسکور سے ہرا کر سی جی ای این کے تیسرے فائنل میں رسائی حاصل کی۔
پہلا گیم شاندار طریقے سے جیتنے کے بعد، رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے دوسرے گیم میں بھی برتری حاصل کی۔ تاہم، کانگ من ہیوک اور سیو سیونگ جے کو کھیل کے ہاف ٹائم کے بعد جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ لیکن ابتدائی برتری نے بھارتی جوڑی کو 40 منٹ میں میچ جیتنے میں مدد دی۔
فائنل میں بھارتی جوڑی کا مقابلہ چائنیز تائپے کے لی زی ہوئی اور یانگ پو ہوان سے ہوگا۔ اس کے علاوہ مردوں کے سنگلز کے سیمی فائنل میں 19ویں رینک کے لکشیا سین کو 75 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں دنیا کے نمبر آٹھ تھائی لینڈ کے کنلاوت وٹیڈسارن سے 21-19، 13-21، 11-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ (یو این آئی)