حیدرآباد: پیرس اولمپکس 2024 میں بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ کا معاملہ اس وقت کافی زیادہ زیر بحث ہے۔ ہر کوئی اس معاملے پر اپنی رائے پیش کر رہا ہے۔ کوئی انتظامیہ کو غلط قرار دے رہا ہے تو کوئی کسی اور کو اس کا ذمہ دار ٹھہرا رہا ہے۔ اس معاملے میں اب سابق بھارتی اسٹار شٹلر سائنا نہوال نے بھی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ونیش پھوگاٹ کی نااہلی پر انہوں نے کہا کہ پہلوان کو خود اپنی غلطی کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ ونیش سیمی فائنل تک 50 کلوگرام کی حد کے اندر تھی تاہم فائنل میچ سے قبل ان کا وزن 100 گرام زیادہ پایا گیا جس کی وجہ سے انہیں فائنل مقابلے سے نااہل قرار دے دیا گیا۔ ونیش نے اس فیصلے کے خلاف کھیلوں کی عدالت (سی اے ایس) میں اپیل دائر کی ہے اور چاندی کے تمغے کا مطالبہ کیا ہے۔
سائنا نہوال نے این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا کہ عام طور پر کوئی کھلاڑی اس سطح پر ایسی غلطیاں نہیں کرتا۔ یہ کیسے ہوا یہ ایک سوالیہ نشان ہے۔ کیونکہ ان کے پاس ایک بڑی ٹیم ہوتی ہے۔ اس کے بہت سے کوچز، فزیوز، ٹرینر ہیں، وہ سب بہت برا محسوس کر رہے ہوں گے۔
انھوں نے آگے کہا کہ مجھے ریسلنگ کے اصول و ضوابط نہیں معلوم لیکن ایک کھلاڑی کے طور پر مجھے برا لگ رہا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ وہ اپنا پہلا اولمپکس کھیل رہی ہیں، یہ ان کا تیسرا اولمپکس ہے۔ ایک ایتھلیٹ کے طور پر انھیں قوانین کا علم ہونا چاہیے۔
سائنا نے مزید کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ کیسے ہوا، اس سطح پر میں نے کبھی کسی دوسرے ریسلر کو زیادہ وزن کی وجہ سے نااہل قرار دیتے ہوئے نہیں سنا۔ وہ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ لیکن اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو اس کی ذمہ داری بھی انھیں لینی چاہیے، اتنے بڑے میچ سے پہلے ایسی غلطی ٹھیک نہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے اولمپکس کے موجودہ ایڈیشن میں اب تک تین کانسے کے تمغے جیتے ہیں اور ونیش نے ملک کے لیے چاندی کا تمغہ یقینی بنا دیا تھا۔ لیکن اس افسوسناک واقعے نے ان کی مہم ختم کر دی اور پہلوان نے جمعرات کو اس کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کر دیا۔