اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے اپنی مدت ملازمت ختم ہونے سے قبل ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
نگراں وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ذکا اشرف نے اپنا استعفیٰ پی سی بی کے پیٹرن وزیراعظم کو بھیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کو جن معاملات کی اجازت تھی انہیں وہ تمام امور کرنے دیے گئے اور ان معاملات سے روکا تھا جن کی اجازت نہیں تھی۔
فواد حسن فواد نے کہا کہ بطور وزارت بین الصوبائی رابطہ حکومتی ہدایات پر پی سی بی کے معاملات پر نظر رکھی ہوئی تھی۔ اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ پی سی بی کی مینجمنٹ کے چیئرمین ذکا اشرف نے چیئرمین کے ساتھ ساتھ بورڈ آف گورنر کے رکن کی حیثیت سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ذکا اشرف حکومت کی جانب سے معاملات پر اختیارات نہ ملنے پر مستعفیٰ ہوئے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کر رہا تھا لیکن موجودہ حالات میں ہمارے لیے کام کرنا ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ اب وزیر اعظم پر منحصر ہے کہ وہ کس کو چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نامزد کرتے ہیں۔ یاد رہے گزشتہ روز وزارت بین الصوبائی رابطہ نے چئیرمین مینجمنٹ کمیٹی سے ملاقات کی تھی۔
یواین آئی۔