احمدآباد: آئی پی ایل 2024 پلے آف کا دوسرا میچ یعنی ایلیمینیٹر راجستھان رائلز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں راجستھان کی کپتانی سنجو سیمسن کریں گے اور آر سی بی کی قیادت فاف ڈو پلیسس کریں گے۔
راجستھان رائلز کو اس میچ میں اوپنر جوس بٹلر کی کمی محسوس ہو سکتی ہے۔ احمد آباد کی فلیٹ پچ پر بٹلر جیسے بلے باز کافی کارآمد ثابت ہو سکتے تھے،لیکن اب ٹیم کو اس بڑے میچ میں ان کی کمی محسوس ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ راجستھان کو مسلسل شکستوں سے بھی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ ایسے میں ٹیم کے لیے بڑا اسکور بنانا بہت مشکل ہو سکتا ہے۔ راجستھان کی جیت کا سلسلہ مکمل طور پر ٹوٹ گیا ہے۔ اس نے آخری لیگ مرحلے میں 5 میں سے 4 میچ ہارے اور 1ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
اس سیزن میں رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم کافی خطرناک انداز میں کھیلتی نظر آرہی ہے۔ ٹیم کے پاس فاف اور وراٹ کی شکل میں تجربہ کار اوپنرز موجود ہیں۔ رجت پاٹیدار اور کیمرون گرین اپنی جارحانہ بلے بازی سے ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ اگر آر سی بی اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتا ہے تو میچ کے زیادہ اسکور ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔ کیونکہ آر سی بی نے اس سیزن میں کئی میچوں میں 200 پلس اسکور کیا ہے۔
راجستھان کی طاقت اور کمزوری
راجستھان رائلز کی طاقت ان کے کپتان سنجو سیمسن اور ریان پیراگ ہیں۔ یہ دونوں بلے باز راجستھان کے لیے رنز بناتے نظر آئیں گے۔ بٹلر کی عدم موجودگی آر آر کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ اس ٹیم کی کمزوری لور آرڈر کا مسلسل ناکام ہونا ہے۔ اس کے ساتھ ٹیم کی بالنگ بھی اس کی کمزوری بنی ہوئی ہے۔ اویش خان، ٹرینٹ بولٹ اور سندیپ سنگھ آوٹ فارم نظر آرہے ہیں۔ مخالف ٹیم اس کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہے۔
بنگلورو کی طاقت اور کمزوریاں
آر سی بی کی طاقت ان کی بیٹنگ ہے۔ وراٹ کوہلی اور فاف ڈو پلیسس ٹیم کو شاندار شروعات دے رہے ہیں۔ وہیں رجت پاٹیدار، کیمرون گرین، دنیش کارتک اور مہیپال لومرور ٹیم کے اسکور کو تیزی سے آگے لے جاتے ہیں۔ ٹیم کے آل راؤنڈر گلین میکسویل اس ٹیم کی طاقت میں اضافہ کرتے ہیں۔ وہ بھلے ہی بلے سے رنگ نہ بکھیر سکے لیکن اپنی اسپن سے انہوں نے سی ایس کے کے بلے بازوں کو رنز بنانے نہیں دیا۔ وہ اس ناک آؤٹ میچ میں گیند کے ساتھ ٹیم کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس ٹیم کی کمزوری کسی حد تک بالنگ میں نظر آتی ہے، ٹیم کے فاسٹ بالرز اس سیزن میں توقعات کے مطابق کارکردگی ک امظاہرہ نہیں کر سکے۔
آر آر بمقابلہ آر سی بی کے اعدادوشمار
آئی پی ایل کی تاریخ میں اب تک راجستھان اور آر سی بی کے درمیان کل 31 میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ آر سی بی کو آر آر پر برتری حاصل رہی ہے۔ بنگلورو نے 15 میچ جیتے ہیں، جبکہ راجستھان نے 13 میچ جیتے ہیں۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 3 میچ بے نتیجہ رہے ہیں۔