لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین محسن نقوی روٹیشن پالیسی کے مطابق اس سال کے آخر میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اگلے صدر بننے والے ہیں۔اس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کے عہدے پر فائز ہونے کے حوالے سے اے سی سی کی حالیہ میٹنگ میں محسن نقوی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ جب اس سال کے آخر میں اے سی سی کی میٹنگ ہوگی تو اس میں یہ بات واضح ہو جائے گی محسن نقوی دو سال کی مدت کے لیے اگلے صدر ہوں گے۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ اے سی سی کے موجودہ صدر ہیں جنہیں اس سال جنوری میں مسلسل تیسری مدت کے لیے ایک سال کی توسیع ملی تھی۔ ذرائع نے مزید کہا کہ جب جے شاہ ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ دیں گے تو وہ (محسن نقوی)عہدہ سنبھالیں گے۔
اے سی سی نے حال ہی میں ایشیا کپ 2025 کی میزبانی کے حقوق ہندوستان کو دیئے ہیں کیونکہ یہ ٹورنامنٹ ٹی20 فارمیٹ میں اور 2027 کا ایڈیشن ون ڈے فارمیٹ میں بنگلہ دیش کو ہوگا۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ 2025 میں دو بڑے ایونٹس شیڈول ہیں چیمپئنز ٹرافی فروری-مارچ میں پاکستان میں ہونی ہے۔اس کے بعد ایشیا کپ جو کہ ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز پر قبضہ کر لیا
ان دونوں ٹورمنٹوں سے ایک بار پھر اس بات پر بحث اور قیاس آرائیاں شروع ہونے کا امکان ہے کہ آیا ہندوستان چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر کرے گا یا نہیں، یا پاکستان ایشیا کپ کے لیے ہندوستان کا دورہ کرے گا یا نہیں۔