پیرس: بھارت اب بھی پیرس اولمپکس 2024 میں خواتین کی 50 کلوگرام ریسلنگ میں چاندی کے تمغے کے لیے پرامید ہے کیونکہ بھارتی پہلوان ونیش پھوگاٹ نے 50 کلوگرام زمرے کے فائنل سے نااہل ہونے کے بعد کھیلوں کی عدالت کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹ (سی اے ایس) سے رجوع کیا ہے۔
بھارتی پہلوان ونیش پھوگاٹ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل میچ کے لیے امریکی پہلوان سے مدمقبل ہونے والی تھیں لیکن بدھ کو وزن زیادہ ہونے پر نااہل قرار دے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پھوگاٹ نے سی اے ایس سے انہیں چاندی کا تمغہ دینے کی درخواست کی ہے۔ جس پر آج فیصلہ بھی آسکتا ہے۔ اگر سی اے ایس ونیش کے حق میں فیصلہ دیتا ہے تو انٹرنیشل اولمپکس کمیٹی کو ونیش پھوگاٹ کو مشترکہ چاندی کا تمغہ دینا ہوگا۔
سی اے ایس کیا ہے؟
کھیلوں کی یہ عدالت جس کو کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹ (CAS) کے نام سے جانا جاتا ہے، ایک خود مختار ادارہ ہے جو 1984 میں کھیلوں سے متعلق تنازعات کو ثالثی کے ذریعے حل کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ سی اے ایس بین الاقوامی کھیل برادری کے اندر ہونے والے قانونی تنازعات کو سلجھاتا ہے اور ان کے فیصلوں کو عدالت کے ہی فیصلوں کی طرح سمجھا جاتا ہے۔
🚨Vinesh Phogat has filed an official appeal with the Court of Arbitration of Sports ( CAS ) to receive a shared silver medal at least at the #OlympicGamesParis2024! 🥈🤞
— JioCinema (@JioCinema) August 7, 2024
Stay tuned for more updates on #JioCinema & #Sports18!👈#OlympicsOnJioCinema #OlympicsOnSports18 pic.twitter.com/0KnpHXK0pW
ونیش کا وزن سو گرام زیادہ
ونیش پھوگاٹ نے منگل کی رات کھیلے گئے سیمی فائنل میں کیوبا کے یوزنیلیس گزمین لوپیز کو 5-0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل تک رسائی حاصل کی تھی۔ لیکن ان کا وزن مقررہ وزن سے 100 گرام زیادہ ہونے کی وجہ سے انہیں نااہل قرار دے دیا گیا۔
اس بارے میں بھارتی اولمپک ٹیم کے چیف میڈیکل آفیسر نے انکشاف کیا کہ پھوگاٹ نے اپنے سیمی فائنل میچ کے بعد وزن کی حد 2.7 کلو سے تجاوز کر لی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کھانے پینے اور پانی کی مقدار کو محدود کر کے ان کا وزن کم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ہم تمام تر کوششوں کے باوجود ناکام رہے۔
ونیش پھوگاٹ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
اس فیصلے کے بعد بھارت کی اسٹار ریسلر وینیش پھوگاٹ نے آج صبح ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ونیش نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اپنی ماں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا، 'ماں، کشتی جیت گئی، میں ہار گئی۔ مجھے معاف کر دو، آپ کے خواب اور میری ہمت، سب کچھ ٹوٹ گئی۔ اب مجھ میں مزید طاقت نہیں رہی۔ ریسلنگ کو الوداع۔ میں آپ سب کی شکرگزار رہوں گی۔ مجھے معاف کر دو۔‘‘
پیرس اولمپکس میں بھارت کی اب تک کی کارکردگی
بھارت نے پیرس اولمپکس 2024 میں اب تک صرف 3 کانسے کے تمغے جیتے ہیں، جو سبھی نشانے بازوں نے جیتے ہیں۔ ملک 10 میٹر ایئر رائفل، 25 میٹر پسٹل، اسکیٹ ٹیم، بیڈمنٹن سنگلز، مکسڈ تیر اندازی ٹیم ایونٹس اور ویٹ لفٹنگ سمیت دیگر مقابلوں میں چوتھے نمبر پر رہ کر اضافی تمغوں سے محروم رہا۔