پیرس: کمنٹیٹر باب بالارڈ کو تیراکی کے ایک مقابلے کے دوران کمینٹری کرتے وقت نامناسب اور نازیبا تبصرہ کرنے پر براڈکاسٹرز نے کمنٹری پینل سے ہٹا دیا ہے۔ آسٹریلیا کی خواتین تیراک سوئمنگ ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد جب پول ڈیک سے باہر نکل رہی تھی تھی تو اس وقت یورو اسپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کمینٹیٹر بالارڈ نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ خواتین کیسی ہوتی ہیں... وہ ادھر ادھر گھومتی رہتی ہیں اور اپنا میک اپ کرتی رہتی ہیں۔
واضح رہے بالارڈ تقریباً 40 سالوں سے کمینٹری کر رہے ہیں اور انھوں نے واٹر پولو، آئس ہاکی، ڈائیونگ اور تیراکی جیسے کھیلوں میں متعدد اولمپک پینلز میں رہتے ہوئے کمنٹری کی ہے۔ ان کے ساتھی کمینٹیٹر اور برطانوی تیراکی چیمپئن لیزی سیمنڈز نے ان تبصروں کو شرمناک قرار دیا۔
اس واقعے کے بعد یورو اسپورٹ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بالارڈ کو کمنٹری پینل سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 'گزشتہ رات یورو اسپورٹ کی کوریج کے دوران، کمنٹیٹر باب بالارڈ نے نامناسب تبصرے کیے۔ اس وجہ سے انہیں فوری طور سے ہمارے کمنٹری روسٹر سے برطرف کر دیا گیا ہے۔