نیویارک: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا 22 واں میچ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان کھیلا گیا۔ یہ میچ جیت کر پاکستان نے سپر ایٹ میں پہنچنے کی اپنی امیدیں زندہ رکھی ہیں۔ ٹاس ہارنے کے بعد کینیڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 106 رنز بنائے جو پاکستان نے 17.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیے۔
کینیڈا کے 107 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا دھچکا 20 رنوں کے اسکور پر لگا۔ ان کے اوپننگ بلے باز صیائم ایوب 12 گیندوں پر 6 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد محمد رضوان نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی اور 100 کے اسٹرائیک ریٹ سے 53 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ کپتان بابر اعظم نے بھی 33 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔ فخر زمان نے 4 اور عثمان خان نے 2 رن بنائے۔
اس سے قبل کینیڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 106 رن بنائے۔کینیڈا کی جانب سے ایرون جانسن نے نصف سنچری کھیلی جو پہلے بیٹنگ کرنے آئے۔ انہوں نے 44 گیندوں میں 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ جانسن نے اس اننگز کو بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی بہترین اننگز قرار دیا۔
ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی 10 رنز سے زیادہ اسکور نہ کر سکا۔ نونیت دھالیوال 4، پرگت سنگھ 2، کپتان سعد بن ظفر 10، کلیم ثنا 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وہیں ڈلن ہیلیگر نے 14 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔پاکستان کی بالنگ کی بات کریں تو محمد عامر اور حارث رؤف نے 2۔2وکٹ حاصل کئے۔ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ آل راؤنڈر عماد وسیم ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کر سکے
یہ بھی پڑھیں:کیا امپائر کے متنازع فیصلے کی وجہ سے بنگلہ دیش ہار گیا
اس وقت پاکستان کی سپر ایٹ تک رسائی کی امید برقرار ہے تاہم اس کے لیے پاکستان کو اپنا اگلا میچ جیتنا ہوگا اور امریکہ کو اپنے دونوں میچز بڑے مارجن سے ہارنا ہوں گے۔