لکھنو: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بالر محمد شامی نے کے ایل راہل اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے مالک سنجیو گوئنکا کے درمیان تنازع پر بڑا بیان دیتے ہوئے گوئنکا کو آڑے ہاتھوں لیا۔ دراصل آئی پی ایل کے 57ویں میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو سن رائزرس حیدرآباد کے ہاتھوں 10 اوور سے پہلے ہی 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس شکست کے بعد لکھنؤ سپرجائنٹس کے مالک سنجیو گوئنکا کو میدان میں کپتان کے ایل راہل سے غصے میں بات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ سارا معاملہ کیمرے میں قید ہو گیا۔اس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر فوراً وائرل ہوگئی جہاں کرکٹ کے دیوانوں نے لکھنؤ سپرجائنٹس کے مالک پر جم کر تنقید کی۔کئی موجودہ اور سابق کرکٹروں نے اس معاملے کو لے کر آواز بلند کی ان میں محمد شامی بھی شامل ہیں۔
محمد شامی نے بھی اس معاملے پر کرک بز سے کھل کر بات کرتے ہوئےکہاکہ یہ ضروری ہے کہ کھلاڑی کو عزت دی جائے۔ان کا احترام کیا جائے۔ آپ ٹیم کے مالک ہیں اور ایک قابل احترام انسان بھی۔ لاکھوں لوگوں کی نظریں ہمیشہ آپ پر ہوتی ہیں۔ اس کے بعد بھی اگر ایسی چیزیں اسکرین پر نظر آئیں تو شرم کی بات ہے۔ آپ کے پاس اس قسم کا کام کرنے کے دوسرے طریقے ہیں۔ یہاں تک کہ اگر آپ بات کرنا چاہتے ہیں تو آپ ڈریسنگ روم یا ہوٹل میں بات کر سکتے ہیں. میدان میں ایسی باتیں کر کے تم نے لال قلعہ پر جھنڈا نہیں لہرایا۔
غور طلب ہے کہ حیدرآباد کے خلاف لکھنؤ کے کپتان کے ایل راہل 33 گیندوں میں صرف 29 رنز ہی بنا پائے تھے۔اس کی وجہ سے لکھنؤ کی ٹیم نے حیدرآباد کے خلاف 20 اوور میں 165/4 رنز بنائے۔ حیدرآباد نے یہ ہدف 9.4 اوور میں حاصل کیا اور 10 وکٹوں سے جیت لیا۔ اس شکست کے بعد لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم تقریباً پلے آف سے باہر ہوگئی۔ اس میچ کے بعد سنجیو گوئنکا نے کے ایل راہل کو میدان میں ہی بری طرح سے لتاڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں:حیدرآباد نے لکھنؤ کو دس وکٹوں سے شکشت دی
واضح رہے کہ سنجیو گوئنکا رائزنگ پونے سپر جائنٹس کے مالک بھی رہ چکے ہیں۔ 2016 میں پلے آف میں جگہ نہ بنانے پر ایم ایس دھونی کو کپتانی سے ہٹا کر اسٹیو اسمتھ کو کپتان بنایا گیا تھا۔