سرینگر (جموں کشمیر): کونارک سوریاز اوڈیشہ نے پیر کو بخشی اسٹیڈیم، سرینگر میں منعقدہ سنسنی خیز میچ میں تویام حیدرآباد (ٹیم) کو محض 1 رن سے شکست دے کر لیجنڈز لیگ کرکٹ 2024 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ تویام حیدرآباد کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد کونارک سوریاز کا آغاز قدرے مایوس کن رہا۔ اوپنر رچرڈ لیوی صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ تاہم، کپتان عرفان پٹھان (49 ناٹ آؤٹ، 35 گیندیں) اور کیون اوبرائن (50 رنز، 39 گیندیں) کے درمیان 79 رنز کی شراکت نے ٹیم کو 156/5 کے مجموعی اسکور تک پہنچا دیا۔
تویام حیدرآباد کے اسٹورٹ بنی نے 19 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نووان پردیپ، مونٹی پنیسر اور اسرو اڈانا نے ایک، ایک وکٹ لی۔ 157 رنز کے تعاقب میں تویام حیدرآباد کے اوپنرز بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے ناکام رہے۔ چڈوک والٹن (10 رنز، 13 گیندیں) اور جارج ورکر (8 رنز، 10 گیندیں) جلدی پویلین لوٹ گئے۔ رکی کلارک نے 44 گیندوں پر 67 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر میچ کو دلچسپ بنائے رکھا، مگر آخری اوور میں 12 رنز کی ضرورت تھی، جہاں عرفان پٹھان کی بہترین گیندبازی نے حیدرآباد کو 155/6 پر محدود کر دیا۔
عرفان پٹھان کے ساتھ دیویش پٹھانیا، ونئے کمار، بین لافلن، شاہباز ندیم اور کے پی اپنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔کونارک سوریاز اوڈیشہ فائنل میں 16 اکتوبر کو بخشی اسٹیڈیم، سرینگر میں ساؤدرن سپر اسٹارز کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لیجنڈز لیگ کرکٹ 2024: تویام حیدرآباد نے سدرن سپر اسٹارز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی