اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کا فائنل میچ آج محمد رضوان کی ملتان سلطانز اور شاداب خان کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ملتان نے پشاور زلمی کو شکست دے کر ڈائرکٹ فائنل میں کوالیفائی کیا ہے جب کہ اسلام آباد نے کوئیٹہ اور پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی ہے۔
پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کا یہ چوتھا فائنل جبکہ اسلام آباد کا یہ تیسرا فائنل ہوگا۔ ملتان سلطانز نے 2021 میں ٹائٹل جیتا تھا جب کہ دو فائنلز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وہیں دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے 2 فائنلز جیتے ہیں۔
ملتان سلطانز کی قیادت کر رہے محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ہماری ٹیم تمام شعبوں میں متوازن ہے لیکن اس کے باوجود ہمیں فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور پھر اسی صورت میں ہم خطابی جنگ جیت سکتے ہیں۔
جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنے والے شاداب خان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے کیونکہ ان کی ٹیم نے مشکل حالات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور انھیں اپنی ٹیم سے فائنل میچ میں بھی بہترین کارکردگی کرنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ممکنہ پلیئنگ الیون: 1 ایلکس ہیلز/کولن منرو، 2 مارٹن گپٹل، 3 آغا سلمان، 4 شاداب خان (کپتان)، 5 عماد وسیم، 6 اعظم خان (وکٹ کیپر)، 7 حیدر علی، 8 فہیم اشرف، 9 نسیم شاہ، 10 حنین شاہ، 11 اوبید میک کوئے
ملتان سلطانز کی ممکنہ پلیئنگ الیون: 1 یاسر خان، 2 محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر)، 3 عثمان خان، 4 جانسن چارلس، 5 افتخار احمد، 6 طیب طاہر/خوشدل شاہ، 7 کرس جارڈن، 8 ڈیوڈ ولی، 9 اسامہ میر، 10 محمد علی ، 11 عباس آفریدی