اینیٹگا: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر رشبھ پنت نے جمعرات کو افغانستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں وکٹ کے پیچھے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ پنت ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ کیچ پکڑنے والے وکٹ کیپر بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ ناقابل یقین کارنامہ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ میں انجام دیا ہے۔
اس میچ میں رشبھ پنت نے 3 کیچ لیے اور افغانستان کے رحمان اللہ گرباز، گلبدین نائب اور نوین الحق کو آؤٹ کیا۔ اس کے ساتھ وہ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں وکٹ کے پیچھے 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے پہلے وکٹ کیپر بن گئے ہیں۔ 26 سالہ کھلاڑی نے سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا، جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز اور آسٹریلیا کے سابق اوپنر ایڈم گلکرسٹ کو چھوڑ دیا، جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں 9 کیچز پکڑے تھے۔
اس کے ساتھ ہی رشبھ پنت ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں 11 میچوں میں 12 آؤٹ کرنے والے دوسرے کامیاب ہندوستانی وکٹ کیپر بن گئے ہیں۔ پنت کے نام 11 کیچ اور ایک اسٹمپنگ شامل ہے۔ وہ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں تمام 10 کیچز کے ساتھ وکٹ کے پیچھے سب سے زیادہ کیچ لینے اور بلے بازوں کو آؤٹ کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ پنت کے بعد نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے 6 آؤٹ (5 کیچز اور ایک اسٹمپنگ) کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے گیند بازوں پرایک نظر
ہندوستان کے بائیں ہاتھ کے بلے باز رشبھ پنت اپنا دوسرا ٹی20 ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں۔ وہ بلے سے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ پنت ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں جنہوں نے 4 اننگز میں 38.66 کی اوسط اور 131.81 کے اسٹرائیک ریٹ سے 116 رنز بنائے۔ انہوں نے پہلے میچ میں آئرلینڈ کے خلاف ناقابل شکست 36* (26) اور پھر پاکستان کے خلاف 42 (21) رنز بنائے۔ افغانستان کے خلاف میچ میں پنت نے 11 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔