اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم کی حالیہ ٹیسٹ شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور اس کے سربراہ محسن نقوی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عمران خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر قوم کے نام پیغام شیئر کیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف ہار شرمناک ہے اور بورڈ پر ملک میں کھیل کو تباہ کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔
بانی تحریک انصاف عمران خان کا اڈیالہ جیل سے پیغام
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 26, 2024
۱-
اپنی قوم کو ایک مرتبہ پھر یاد دہانی کروانا چاہتا ہوں کہ وزیر آباد اور جوڈیشل کمپلیکس واقعات میں مجھے قتل کرنے کی دو مرتبہ کوشش کی گئی تھی۔ وزیر آباد واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آئی ایس آئی نے چوری کی، جہاں مجھ پر حملہ ہوا، وہاں…
قابل ذکر ہے کہ عمران خان راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں تقریبا ایک سال سے قید ہیں۔ پاکستان کے لیے 1992 کا ورلڈ کپ جیتانے والے کپتان عمران خان نے پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی پر بدعنوانی کا الزام لگایا ہے۔ نقوی نے فروری 2024 میں پی سی بی کا چارج سنبھالا اور وہ اس وقت پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سابق کرکٹر نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک پیغام میں کہا کہ محسن نقوی نے دبئی میں بیوی کے نام پر پانچ ملین ڈالر کی مالیت کی جائیداد بنا رکھی ہے۔ یہ گندم اسکینڈل میں ملوث ہے، ملک کا سب سے بڑا فراڈ الیکشن اسی شخص نے کروایا، اس کی کیا قابلیت ہے؟ کرکٹ تباہ کرچکا ہے، ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے۔
انھوں نے مزید لکھا کہ ہر روز کے پی اور بلوچستان میں شہادتیں ہو رہی ہیں۔ پنجاب پولیس کو تحریک انصاف کے پیچھے لگا دیا گیا ہے، جس سے چور اور ڈکیت اتنے طاقتور ہوگئے ہیں کہ وہ اب پولیس کو ہی شہید اور اغوا کرنا شروع ہوگئے ہیں۔
عمران خان نے آگے کہا کہ کرکٹ واحد کھیل ہے جسے پوری قوم ٹی وی پر بڑی دلچسپی سے دیکھتی ہے، طاقتوروں نے اپنی اجارہ داری قائم کرنے کے لئے ایک سفارشی کو لا کر کرکٹ بھی تباہ کر دی۔ پہلی دفعہ ایسا ہوا کہ ورلڈ کپ میں پہلی چار اور ٹی ٹوئنٹی کی 8 ٹیموں میں تک میں جگہ نہ بنا سکے۔ پھر بنگلہ دیش سے ٹیسٹ میچ میں بری طرح شکست کھا کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ڈھائی سال قبل اسی ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی، لیکن ڈھائی سال میں ایسا کیا ہوا کہ اتنی تنزلی کا شکار ہوچکی ہے کہ آج وہی ٹیم بنگلہ دیش سے بھی دس وکٹوں سے ہار گئی۔ اس تمام تباہی کا الزام صرف ایک ادارے پر آتا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں دس وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کی ہے۔ جس کے بعد پاکستان ٹیم کی شدید تنقید کی جارہی ہے۔سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ راول پنڈی میں 30 اگست سے کھیلا جائے گا۔