ناٹنگھم: انگلینڈ نے ٹرینٹ برج میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بیزبال کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ زیک کرولی کے صفر پر آؤٹ ہونے کے باوجود انگلینڈ نے جارحانہ بیٹنگ کی۔ اولی پوپ اور بین ڈکٹ کی جوڑی کی بدولت انگلینڈ نے صرف 4.2 اوورز میں ہی اسکور بورڈ پر 50 رنز بنا ڈالے۔
انگلش ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین ٹیم کی ففٹی کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 30 سال پہلے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔اس سے پہلے یہ ریکارڈ انگلینڈ کے پاس تھا جب انھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ریڈ بال کے کھیل میں 4.3 اوورز میں 50 رنز بنائے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کا تیز ترین 50 رنز
- 4.2 اوورز - انگلینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز، ناٹنگھم، 2024
- 4.3 اوورز - انگلینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ، اوول، 1994
- 4.6 اوورز - انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا، مانچسٹر، 2002
- 5.2 اوورز- سری لنکا بمقابلہ پاکستان، کراچی، 2004
- 5.3 اوورز - بھارت بمقابلہ انگلینڈ، چنئی، 2008
- 5.3 اوورز- بھارت بمقابلہ ویسٹ انڈیز، پورٹ آف اسپین، 2023
دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ کا آغاز کافی زیادہ خراب رہا اور اس نے کرولی کی شکل میں پہلا وکٹ صفر پر ہی کھو دیا۔ لیکن پوپ اور ڈکٹ نے بعد میں تیز ترین بلے بازی کی۔ ڈکٹ نے صرف 59 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کو سیریز میں 1 - 0 کی برتری حاصل ہے۔