سینٹ لوسیا: ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا دوسرا سپر 8 میچ گروپ بی کی دو ٹیموں ویسٹ انڈیز بمقابلہ انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 181 رنز بنائے۔ جس کے جواب میں انگلینڈ نے باآسانی یہ اسکور 2.3 اوورز باقی رہ کر حاصل کر لیا۔
ویسٹ انڈیز کے تقریباً تمام بلے بازوں نے میچ کے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔ برینڈن کنگ 13 گیندوں پر 23 رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہو گئے۔ اس کے علاوہ جانسن چارلس نے 38، نکولس پورن اور کپتان رومن پاول نے 36 رنز، آندرے رسل نے ایک رن اور ردرفورڈ نے 15 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر، عادل رشید، معین علی اور لیام لیونگ اسٹون نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
ویسٹ انڈیز کے 181 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ نے شاندار آغاز کیا۔ انگلینڈ کی پہلا وکٹ 67 کے اسکور پر گرا جب جوس بٹلر 22 گیندوں پر 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے معین علی بھی زیادہ دیر نہ چل سکے اور 10 گیندوں پر 13 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ دو وکٹ گرنے کے بعد جونی بیرسٹو اور فل سالٹ نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے شاندار شراکت داری کی اور ٹیم نے 2.3 اوورز باقی رہ کر میچ جیت لیا۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کے تیز گیندباز تنظیم حسن پر جرمانہ عائد
فل سالٹ نے 185 کے اسٹرائیک ریٹ سے 47 گیندوں میں 87 رنز بنائے۔ اس اننگز کے دوران سالٹ نے 5 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔ جونی بیرسٹو نے 26 گیندوں پر 48 رنز بنائے جس میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل اور روسٹن چیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ اس وقت گروپ 2 میں انگلینڈ رن ریٹ کی بنیاد پر سرفہرست ہے جبکہ جنوبی افریقہ دوسرے نمبر پر ہے۔