بجنور: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اور موجودہ کرکٹ کمینٹیٹر عرفان پٹھان کے میک اپ آرٹسٹ فیاض انصاری ہوٹل کے سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ فیاض انصاری ریاست اترپردیش کے ضلع بجنور کے نگینہ کے رہنے والے تھے۔
فیاض انصاری کرکٹ میچ نشر کرنے والے چینل کی بھارتی کمنٹری ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز گئے تھے اور وہ عرفان پٹھان کے ساتھ ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق عرفان پٹھان فیاض کی میت کو دہلی لے آئیں گے اور منگل یا بدھ تک لاش نگینہ پہنچنے کی امید ہے۔
نگینہ کے محلہ قاضی سرائے کے رہنے والے فیاض انصاری کے والد فرید احمد گزشتہ کئی سالوں سے ممبئی میں سیلون چلاتے ہیں۔ اسی دوران فیاض سابق کرکٹر عرفان پٹھان کے میک اپ آرٹسٹ بن گئے۔ عرفان پٹھان فیاض کو غیر ملکی دوروں پر بھی اپنے ساتھ لے جاتے تھے۔
اس وقت آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 جاری ہے۔ ٹورنامنٹ کے سپر 8 میچز ویسٹ انڈیز میں کھیلے جا رہے ہیں۔ عرفان پٹھان چینل کی کمنٹری ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز میں ہیں اور فیاض انصاری بھی عرفان پٹھان کے ساتھ گئے تھے۔
فیاض انصاری کے چچازاد بھائی اور میونسپل کونسل ممبر محمد احمد نے فون پر بتایا کہ 21 جون بروز جمعہ کو فیاض ویسٹ انڈیز کے ہوٹل کے سوئمنگ پول میں نہا رہا تھا اس دوران اچانک اس کی موت واقع ہوگئی۔احمد مزید بتایا کہ عرفان پٹھان ویسٹ انڈیز میں تمام کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد فیاض انصاری کی میت دہلی لائیں گے۔ اس کے بعد اہل خانہ میت کو دہلی سے نگینہ لائیں گے۔ فیاض کی شادی دو ماہ قبل ہی اکبر آباد میں ہوئی تھی۔