دھرم شالہ: بھارتی گیند باز روی چندرن اشون نے ہفتہ کو دھرم شالہ میں اپنے سوویں ٹیسٹ میچ میں نو وکٹ لے کر یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے بہترین گیند باز بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کے معاملے میں اپنے آئیڈیل انیل کمبلے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
اشون کی شاندار گیندبازی کی بدولت بھارت نے دھرم شالہ ٹیسٹ میں انگلینڈ کو اننگز اور 64 رن سے شکست دے دی۔ یہ اشون کے ٹیسٹ کیریئر کا 100 واں ٹیسٹ میچ تھا جس میں انہوں نے پہلی اننگز میں چار اور دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر میں 36 واں موقع تھا جب انہوں نے ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس سے قبل سابق اسپنر انیل کمبلے نے یہ کارنامہ 35 بار دہرایا تھا۔
اس کے علاوہ روی چندرن اشون 100ویں ٹیسٹ میں پانچ وکٹیں لینے والے چوتھے گیند باز بھی ہیں۔ ان سے پہلے صرف متھیا مرلی دھرن، انیل کمبلے اور شین وارن نے ایسا کیا تھا۔ اگر ہم کل وکٹوں کی بھی بات کریں تو دھرم شالہ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پانچ وکٹ لے کر اشون نے 516 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرلی ہیں۔
اشون نے میچ کے بعد کہا، “میں بہت خوش ہوں، میں بیان نہیں کر سکتا کہ میں کیسا محسوس کر رہا ہوں۔ بہت کچھ ہوا، 100ویں ٹیسٹ پر بہت بات ہوئی، ٹیسٹ جیتو اور وکٹ لو، ایک باؤلر کو اپنی زندگی میں اس سے زیادہ کیا چاہئے۔ سیریز کے دوران میں نے مختلف ایکشن اور رفتار سے گیندبازی کی کوشش کی اور کامیابی ملی۔ (یو این آئی)
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے انگلینڈ کو پانچویں ٹیسٹ میں اننگز اور 64 رنز سے شکست دے کر سیریز 4-1 سے جیت لی