ٹرینیڈاڈ:ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیگ مرحلے کا 29 واں میچ آج گروپ سی سے افغانستان اور پاپوا نیو گنی کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں افغانستان نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سپر ایٹ میں جگہ بنالی۔
اس کے ساتھ ہی اس نے نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو سپر 8 کی دوڑ سے باہر کر دیا ہے۔ گروپ سی سے ویسٹ انڈیز اور افغانستان کی ٹیمیں سپر ایٹ میں جگہ بنا چکی ہیں جب کہ نیوزی لینڈ، پاپوا نیو گنی اور یوگنڈا کی ٹیمیں باہر ہو گئی ہیں۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاپوا نیو گنی کی ٹیم 19.5 اوورز میں 95 رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان نے یہ ہدف 15.1 اوورزوںمیں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور پاپوا نیو گنی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاپوا نیو گنی کا کوئی بھی بلے باز اس میچ میں بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔ ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 27 رنز کپلن ڈوریگا نے بنائے۔ 32 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے انہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔
ان کے علاوہ ایلی ناؤ نے 19 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 13 اور ٹونی یورا نے 18 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز بنائے۔ ان بلے بازوں کے رنز کی بدولت ٹیم 95 رنز تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔
افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی نے سب سے زیادہ 3 وکٹ حاصل کئے۔ ان کے علاوہ نوین الحق نے 2 اور نور احمد نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ اس کے علاوہ 4 بلے باز رن آؤٹ ہوئے۔
پاپوا نیو گنی کی جانب سے 96 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں رحمان اللہ گرباز ابراہیم زدران آئے۔زدران صفر اور گرباز 11 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد عظمت اللہ عمرزئی بھی 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا
گلبدین نائب اور محمد نبی نے افغانستان کو شاندار اننگز سے فتح دلائی۔ نائب نے 36 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 49 رنز بنائے اور نبی نے 23 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 16 رنز بنائے۔ پاپوا نیو گنی کی جانب سے لی ناؤ، سیمو کامیا اور نارمن وانوا نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔ اس فتح کے ساتھ ہی افغانستان نے سپر ایٹ میں کامیاب انٹری کر لی ہے۔