میرٹھ: ریاست اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں سماجی تنظیم حرفکار فاؤنڈیشن اور چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے اشتراک سے بزم سخن کے عنوان پر خواتین مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔ عالمی یوم خواتین اور رنگوں کے تہوار ہولی کی مناسبت سے منعقدہ اس خواتین مشاعرے میں ملک کی نامور شعرا نے اپنے اپنے انداز میں اپنا کلام پیش کیا۔ اس موقعے پر کالج کے طلباء و طالبات کے علاوہ شہر کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقعے پر ناظم مشاعرہ و نامور شاعر اظہر اقبال نے بھی اپنے عشقیہ انداز میں کلام پیش کر کے محفل کو خوبصورت بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم خواتین رمضان المبارک اور ہولی کے پیش نظر اس مشاعرے کو منعقد کروانے کا مقصد خواتین کے بلند مقام و مرتبے کا اعتراف اور احترام کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے عورت کا جو مقام رکھا ہے وہ بہت اعلٰی ترین ہے۔ آج خواتین شعرا جس طرح سے اردو اور ہندی زبان میں کلام پڑھ رہی ہے، وہ یقیناً اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب کی عکاسی کرتی ہے۔
مزید پڑھیں:'مشاعرہ میں انسانیت و سیاست دونوں کی بات کی گئی'
اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ کوئی زبان کسی ایک فرقے یا قوم کی نہیں ہوتی۔ یہ سب کی ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ نوجوان شعرا میں ہندو شعرا نے اردو زبان کو خوبی سے اپنایا ہے۔ اس طرح کی تقریبات ہمارے ملک کے مختلف رنگوں اور مذاہب کے درمیان دیکھی جا سکتی ہیں جو کہ ہمارے ملک کی خوبصورتی بھی ہے۔