حیدرآباد: غزلیات کے معاملے میں ایک سے بڑھ ایک نامور شعرا نے اپنے اپنے کلام سے دنیا کو قائل کیا۔ اس فہرست میں جہاں غالب، میر اور اقبال سمیت متعدد قدرآور شعرا نے اردو ادب میں ناقابل تسخیر کامیابی حاصل کی، وہیں جدید اردو ادب میں موجودہ دور کے کچھ شعرا نے بھی اپنی غزلوں سے زمانے کو اپنی جانب متوجہ کیا اور بڑا نام کمایا۔ انہیں میں سے ایک مشہور شاعر عامر امیر بھی ہیں جن کی غزل 'اگر یہ کہہ دو بغیر میرے نہیں گزارہ تو میں تمہارا ' ہر عمر کے لوگوں میں کافی مقبول ہے۔ غزل ملاحظہ کیجیے:
اگر یہ کہہ دو بغیر میرے نہیں گزارہ تو میں تمہارا
یا اس پہ مبنی کوئی تأثر کوئی اشارا تو میں تمہارا
غرور پرور انا کا مالک کچھ اس طرح کے ہیں نام میرے
مگر قسم سے جو تم نے اک نام بھی پکارا تو میں تمہارا
تم اپنی شرطوں پہ کھیل کھیلو میں جیسے چاہے لگاؤں بازی
اگر میں جیتا تو تم ہو میرے اگر میں ہارا تو میں تمہارا
تمہارا عاشق تمہارا مخلص تمہارا ساتھی تمہارا اپنا
رہا نہ ان میں سے کوئی دنیا میں جب تمہارا تو میں تمہارا
تمہارا ہونے کے فیصلے کو میں اپنی قسمت پہ چھوڑتا ہوں
اگر مقدر کا کوئی ٹوٹا کبھی ستارا تو میں تمہارا
یہ کس پہ تعویذ کر رہے ہو یہ کس کو پانے کے ہیں وظیفے
تمام چھوڑو بس ایک کر لو جو استخارہ تو میں تمہارا
یہ بھی پڑھیں: